جامعہ سندھ کی رہائشی کالونی کے ایڈمنسٹریٹو آفیسر غلام حیدر لاشاری اپنی سروس پوری کرکے رٹائر ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ یونیورسٹی کالونی آفس کے اسٹاف کی جانب سے ان کی اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جامعہ کیلئے ان کی جانب سے سرانجام دی گئی خدمات کو بیحد سراہا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین، سندھ یونیورسٹی کالونی پروفیسر عمران علی ہالیپوٹو نے کہا کہ غلام حیدر لاشاری نے اپنے پورے کیریئر کے دوران انتہائی ایمانداری ، دیانتداری و خلوص دل سے ذمہ داریاں ادا کیں۔ جامعہ سندھ کیلئے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پروفیسر ہالیپوٹو نے اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کے تعاون،اعتماد رہنمائی و ہمت افزائی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی زیر قیادت جامعہ سندھ ترقی کی نئی منازل طے کر رہی ہے۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے غلام حیدر لاشاری نے کہا کہ انہوں نے 1976ءمیں جامعہ سندھ میں جوائن کیااور 43 برس کی سروس کے دوران مختلف ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جامعہ سندھ کو ہمیشہ اپنی ماں کی طرح سمجھ کر اس کی خدمت کی ہے۔جامعہ کی جانب سے انہیں بہت عزت ملی ہے، جس کیلئے وہ ہمیشہ احسانمند رہیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے کالونی کے چیئرمین پروفیسر عمران علی ہالیپوٹو اور تمام اسٹاف کی جانب سے الوداعی تقریب کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران غلام حیدر لاشاری کو اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔