جامعہ سندھ جامشورو میں نئے تعلیمی سال 2021ء کیلئے جاری داخلے کی تاریخ میں 30 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں بتایا گیا ہے کہ امیدوار اب تعلیمی سال 2021ء کے تحت بیچلر اور ماسٹر ڈگری پروگرامز میں داخلے کیلئے آن لائن فارم 30 اکتوبر تک جمع کروا سکتے ہیں۔ سرکیولر کے مطابق ایسے امیدواران جنہوں نے داخلے کیلئے آن لائن فارم تو جمع کرایا لیکن مطلوبہ 2500 روپے فیس جمع نہیں کروائی تو وہ 30 اکتوبر تک فیس حبیب بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروا سکتے ہیں، بصورت دیگر ان کے فارم مسترد قرار دیے جائیں گے۔ سرکیولر کے مطابق امیدوار اپنے ای پورٹل اکاؤنٹ سے کمپیوٹرائزڈ چالان ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ لینے کے بعد فارم کی فیس لازمی جمع کروائیں۔ سرکیولر کے مطابق داخلے کیلئے پری انٹری ٹیسٹ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ واضع رہے کہ امیدوار یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جا کر فی الحال رجسٹریشن کروانے کے بعد ای پورٹل اکاؤنٹ بناکر داخلہ فارم جمع کروا سکتے ہیں، جبکہ حیدرآباد اور میرپورخاص کے تعلیمی بورڈ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج آنے کے بعد امیدواران اپنے ہی ای پورٹل اکاؤنٹ کے ذریعے مارکس شیٹ اورپاس سرٹیفکیٹ اپلوڈ کر سکیں گے، جس کے بعد داخلہ کی کیٹیگریز اور چوائسز کی لنک فراہم کی جائیگی، جس کو کلک کرکے امیدوار اپنے داخلہ کی کیٹیگری اور چوائسز لکھ سکیں گے۔