شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کے تحت پاکستان اسٹڈی سینٹر کے 26 ذہین اور ضرورتمند طلباء میں چیک تقسیم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرٹ کی بنیاد پر احساس اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء  رقم کا استعمال  تعلیمی مقاصد کیلئے کریں اور زیادہ سے زیادہ محنت کریں تاکہ مستقبل میں بھی انہیں ایسے مالی مواقع مل سکیں۔ وزیراعظم پاکستان احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب پاکستان اسٹڈی سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے 26 ذہین طلباء و طالبات میں 56500 روپے کی کل مالیت کے الگ الگ چیک تقسیم کیے۔مجموعی طور پر  لاکھ سے زائد کی رقم تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شجاع احمد مہیسر، ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی سینٹر ڈاکٹر مکیش کمار کھٹوانی و دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ احساس اسکالرشپ مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر دی جا رہی ہے اور اس رقم کا درست استعمال کرکے طلباء و طالبات کسی حد تک فائدہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاحب حیثیت اپنے بچوں کو اچھے اسکولز، کالجز اور پھر یونیورسٹیز میں تعلیم دلاتے ہیں، لیکن غریب لوگوں کے بچوں کیلئے سرکاری اسکولز و کالجز کے بعد جامعہ سندھ ہی رحمت بنی ہوئی ہے، جہاں اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے مزید کہا کہ اس وقت جامعہ سندھ واحد بڑی جامعہ ہے، جو طلباء و طالبات کو ہاسٹلز کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ کراچی یونیورسٹی نے بھی کئی سال پہلے ہاسٹلز کی سہولت ختم کردی تھی۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ اسکالرشپ کے تحت  ملنے والے 56500 روپے کا درست استعمال کیا جائے۔