جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں بیچلر ڈگری پروگرامز کے پہلے سیمسٹر کے امتحانات کا آغاز ہو گیا، علامہ آئی آئی قاضی کیمپس پر مختلف شعبوں میں صبح و شام کی شفٹوں میں پرچے لیے گئے

 جامعہ سندھ جامشورو  اور اس کے ایلسا قاضی کیمپس حیدرآباد، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کیمپس دادو، لاڑ کیمپس بدین، ٹھٹھہ و سید الہندو شاہ کیمپس نوشہروفیروز میں بیچلر ڈگری پروگرامز کے پہلے سیمسٹر کے امتحانات کا آغاز ہو گیا ہے۔ مختلف شعبوں میں صبح و شام کی شفٹوں میں پرچے لیے گئے۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے مارننگ شفٹ کے پرچے کے دوران انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ کے دورے پر پہنچے، جہاں ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو نے ان کا استقبال کیا اور انہیں امتحانات کیلئے کی گئی تیاریوں و انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔ وائس چانسلر مختلف بلاکس میں جا کر طلبہ و طالبات سے ملے اور ان سے پرچوں سے متعلق معلومات لیں۔ بعد ازاں انہوں نے ڈپارٹمنٹ آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز پہنچ کر وہاں جاری پرچوں کا معائنہ کیا اور امتحان دہندہ طلباء سے بھی ملے۔ امتحانات کی دوسری شفٹ کے دوران وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑونے آرٹس فیکلٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں سائیکالوجی، فلاسافی، پولیٹیکل سائنس، کرمنالوجی، سوشیالوجی، پبلک ایڈمنسٹریشن، سندھی، انٹرنیشنل رلیشنز، اردو، جنرل ہسٹری و مسلم ہسٹری کا دورہ کیا اور جاری امتحانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی بلاکس اور امتحانات سے متعلق کی گئی تیاریوں اور انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔ ڈپارٹمنٹ آف فلاسافی کے دورے کے دوران شعبے کی چیئر پرسن پروفیسر امر سندھو نے وائس چانسلر کو اپنے شعبے سے متعلق بریفنگ دی اور کلاسز کی کمی کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر وائس چانسلر نے انہیں اس مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وائس چانسلر نے مختلف شعبوں میں جاری امتحانات کے دوران طلباء سے ان کے پرچوں کے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر حماداللہ کاکیپوٹو، ناظم سیمسٹر امتحانات محمد معشوق صدیقی، ڈائریکٹر کیمپس سیکورٹی ڈاکٹر غلام ثاقب برڑو، انچارج آرٹس فیکلٹی بلڈنگ ڈاکٹر مخمور بخاری، پرووسٹ بوائز ہاسٹلز ڈاکٹر پسند علی کھوسو سمیت مختلف شعبوں کے سربراہان و دیگر بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔