جامعہ سندھ میں دوسرے روز بھی سیمسٹر کے امتحانات پرامن ماحول میں جاری، وائس چانسلر کا فیکلٹی آف فارمیسی و سندھ رورل ڈیولپمنٹ سینٹر کے امتحانی مراکز کا دورہ، امتحان دہندہ طلباء سے ان کے پرچوں سے متعلق دریافت
جامعہ سندھ جامشورو میں پہلے سیمسٹر کے امتحانات خوشگوار ماحول میں جاری ہیں، مختلف شعبوں میں صبح و شام کی شفٹوں کے تحت طلبہ و طالبات نے اپنے پرچے دیئے، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پینے کے ٹھنڈے پانی، سیکورٹی اور وقت پر پوائنٹ بسیں چلانے سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ امتحانات کے دوسرے روز بھی شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے اچانک فیکلٹی آف فارمیسی پہنچ کر امتحانی عمل کا جائزہ لیا اور مختلف کلاس رومز میں جا کر امتحان دہندہ نوجوانوں سے ان کے پرچوں سے متعلق دریافت کیا۔ اس موقع پر مختلف شعبوں کے سربراہان پروفیسر ڈاکٹر محمد علی گھوٹو، ڈاکٹر عبیدالرحمان مغل، ڈاکٹر عبدالحکیم، ڈاکٹر فوزیہ پنہور، ڈاکٹر مدن لال، سید احمد شاہ، ڈاکٹر محمد اسحاق عباسی و دیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں وائس چانسلر سندھ رورل ڈیولپمنٹ سینٹر پہنچے، جہاں سینٹر ڈائریکٹر ڈاکٹر ارم خوشنود و دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ وائس چانسلر نے رورل ڈیولپمنٹ سینٹر میں بھی امتحانی عمل کا جائزہ لیا، پینے کے پانی کے کولر، صفائی ستھرائی کے نظام کی برقراری سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈائریکٹر کی لی گئی تدابیر پر اظہار اطمینان کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے تمام کیمپسز میں پہلے سیمسٹر کے امتحانات خوشگوار ماحول میں ہو رہے ہیں، تاہم انوجیلیٹرز امتحانی بلاکس کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انوجیلیٹرز کی جانب سے میرٹ و شفافیت کو برقرار رکھنے کے باعث وہ داد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے امتحان دہندہ طلبہ و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ گرمی کی لہر سے بچنے کی کوشش کریں اور وقت پر پوائنٹ بسوں کے ذریعے آئیں تاکہ دھوپ سے بچ سکیں۔