ایچ ای سی اسلام آباد کی ٹیم کا ملحق کالجز کے طلبہ و طالبات کی تعلیمی پرکھ کیلئے جامعہ سندھ میں ٹیسٹ کا انعقاد، 300 امیدواروں کی شرکت، ٹیسٹ میں انفارمیشن مینجمنٹ، کمیونیکیشن و مسائل حل کرنے سے متعلق مہارتوں کو پرکھا گیا

ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے جامعہ سندھ جامشور سے ملحقہ کالجز کے طلبہ وطالبات کی تعلیمی پرکھ کیلئے مادر علمی میں ٹیسٹ کا انعقاد کیا،جس میں ٹیسٹ کے تین اہم شعبوں انفارمیشن مینجمنٹ، کمیونیکیشن و مسائل حل کرنے کی مہارتوں کو جانچنے کیلئے طلبہ و طالبات کا جائزہ لیا گیا اور ان کی علمی صلاحیتوں کو  پرکھا گیا۔ اسیسمنٹ ٹیسٹ جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف فزکس و انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ میں منعقد ہوا، جہاں مجموعی طور پر اے ڈی، بی اے،  بی ایس سی، بی سی ایس و بی کام کے 300 سے زائد طلبہ و طالبات نے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل جامعہ سندھ  ڈاکٹر الطاف نظامانی نے کہا کہ طلباء کی تنقیدی مہارتوں کی پرکھ اور فروغ دلانے میں مذکورہ ٹیسٹ کا اہم کردار ہو سکتا ہے۔ ایچ ای سی اسلام آباد کی ٹیم کی قیادت کنسلٹنٹ برائے ہائیر ایجوکیشن ڈیولپمنٹ پروگرام  ڈاکٹر ارشد بشیر کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیسٹ کا مقصد طلباء کی علمی صلاحیتوں کا جامع جائزہ لینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وسیع پرکھ اس لحاظ سے منفرد تھی کہ یہ ٹیسٹ مخصوص مضامین پر مشتمل نہیں تھا، بلکہ ٹیسٹ میں  علمی و پیشہ ورانہ کامیابی کی ضروری مہارتوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ بعد ازاں ایچ ای سی کی ٹیم نے وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جنہوں نے ملحقہ کالجز میں تعلیم کا معیار بلند کرنے کے سلسلے میں ایچ ای سی کے لیے گئے اقدامات کو سراہا۔