جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں تعلیمی سال 2025ء کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز اور سال سوم کے پانچویں سیمسٹر میں داخلے جاری ہیں، آن لائن فارم پُر کرنے کی آخری تاریخ 17 ستمبر مقرر
جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے تمام کیمپسز میں تعلیمی سال 2025ء کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز اور سال سوم کے پانچویں سیمسٹر میں داخلے جاری ہیں۔ آن لائن فارم پُر کرنے کی آخری تاریخ 17 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ انٹر میڈیٹ پاس امیدوار داخلوں کیلئے اہم ہیں، تاہم انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے منتظر نوجوان بھی داخلوں کیلئے اہل ہونگے۔ وہ رجسٹریشن کے وقت اپنی فرسٹ ایئر کی مارک شیٹ اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے وقت جنریٹ ہونے والا ایڈمیشن پراسیسنگ فیس کا چالان حبیب بینک کی کسی بھی برانچ یا موبائل ایپ کے ذریعے جمع کرایا جا سکتا ہے، جس کیلئے واضح ہدایات چالان پر موجود ہیں۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو نے بتایا کہ جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں داخلوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن جاری ہے، جو کہ 17 ستمبر تک جاری رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ داخلہ فارم آن لائین پُر کرنے کی باعث چھٹی والے دن کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے، اس لیے امیدوار 24 گھنٹوں کے دوراں جب چاہیں داخلہ فارم پُر کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری تاریخ کا انتظار کرنے کی بجائے خواہشمند امیدوار آج ہی رجسٹریشن کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کے منتظر امیدوار بھی داخلوں کیلئے آن لائن درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔