جامعہ سندھ میں دوسرے سیمسٹر کے امتحانات کا آغاز، امتحانات صرف طلباء کے علم کی پرکھ نہیں کرتے بلکہ زندگی کے چیلنجز کیلئے طلباء کو تیار بھی کرتے ہیں، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو
جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں تمام شعبوں کے دوسرے سیمسٹر کے امتحانات صبح و شام کی شفٹوں میں پرامن و سازگار ماحول میں شروع ہو گئے ہیں۔ طلباء نے اپنے متعلقہ شعبوں میں جاکر امتحان دیا۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے فیکلٹی آف فارمیسی، سندھ ڈیولپمنٹ اسٹڈی سینٹر، پاکستان اسٹڈی سینٹر، انسٹیٹیوٹ آف فزکس و دیگر شعبوں کا دورہ کیا تاکہ وہ امتحانی عمل کا ذاتی طور پر جائزہ لے سکیں۔ وائس چانسلر نے اپنے دورے کے دوران بہترین انتظامات پر فیکلٹی و انتظامی عملے کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے سیمسٹر کے امتحانات تعلیمی عمل کا اہم حصہ ہے اور انہیں خوشی ہو رہی ہے کہ طلباء و عملہ ہمیشہ کی طرح شاندار نظم و ضبط کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی ہال میں پرامن ماحول جامعہ سندھ کے طلباء کے اپنے تعلیمی مقاصد کی جانب عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری یونیورسٹی اعلیٰ تعلیمی معیار اور بہترین امتحانی نظام کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ مختلف طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ انہیں امتحان اعتماد کے ساتھ دینا چاہئے، کیونکہ امتحانات ان کے پورے سیمسٹر کی محنت کو ظاہر کرتے ہیں۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ امتحانات صرف طلباء کی جانب سے حاصل کردہ علم و معلومات کو نہیں پرکھتے بلکہ انہیں زندگی کے چیلنجز کیلئے بھی تیار کرتے ہیں۔ جامعہ سندھ میں دوسرے سیمسٹر کے امتحانات آئیندہ تین ہفتوں تک جاری رہیں گے۔