سندھ یونیورسٹی کے اینتھروپالوجی ڈیپارٹمنٹ کا دو روزہ ”اسپورٹس فیسٹ 2025“ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوگیا، وائس چانسلر کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو ایوارڈ دیے گئے۔
جامعہ سندھ جامشورو کے اینتھروپالوجی اور آرکیالوجی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے دو روزہ ”اسپورٹس فیسٹ 2025ء“ پی سی بی گراؤنڈ پر گزشتہ روز اختتام کو پہنچ گیا۔ اختتامی اور انعام تقسیم کرنے کی تقریب کھیلوں کے مقابلوں کے آخری دن منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری بطورِ خاص مہمان شریک ہوئے، جبکہ پرو وائس چانسلر (ٹھٹھہ کیمپس) پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی اور ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ناہید کاکا بھی موجود تھیں۔ڈپارٹمنٹ آف اینتھروپالوجی اور آرکیالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرزاق چنہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ڈپارٹمنٹ کی تعلیمی بہتری اور سماجی تعلقات کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور علمی سرگرمیاں مل کر طلبہ کی شخصیت کو مکمل بناتی ہیں اور ان میں باہمی تعاون اور ہمدردی کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری نے ڈاکٹر چنہ کی قیادت اور فیکلٹی کی وابستگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آرکیالوجی ڈپارٹمنٹ یونیورسٹی کے بہترین شعبوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ذہنی صحت، نظم و ضبط اور اجتماعی کام کو فروغ دیتے ہیں اور صحت مند ذہن ہمیشہ صحت مند جسم میں ہوتا ہے۔ڈاکٹر مری نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ یونیورسٹی کی خدمات جیسے 1122 ایمرجنسی ریسپانس اور 1124 ٹیلی میڈیسن سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے سندھ کے ثقافتی اور تاریخی ورثے کے تحفظ پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اینتھروپالوجسٹ اور آرکیالوجسٹ دراصل ”انڈس تہذیب کے حقیقی محافظ“ ہیں۔ قبل ازیں مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے، جن میں رحمان کھوڑو کی ٹیم (فرسٹ ایئر) نے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کی، جبکہ ارشاد جمالی کی ٹیم (سیکنڈ ایئر) رنر اپ رہی۔ شیرا اور طاہر مردوں کے بیڈمنٹن کے فاتح جبکہ سویرہ اور سائرہ خواتین کے بیڈمنٹن کی فاتح بنیں۔ تمام شطرنج اور لڈو کے کھلاڑیوں کو بھی ان کی شاندار کارکردگی پر تمغے دیے گئے۔تقریب کے اختتام پر کیک کاٹنے اور ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا، وائس چانسلر نے کیک کاٹا، جس کے بعد دو روزہ ایونٹ اختتام پذیر ہوگیا۔