جامعہ سندھ میں عالمی فارماسسٹ دن منایا گیا، فیکلٹی آف فارمیسی میں تقریب منعقد صحت کے شعبے میں فارماسسٹ کا اہم کردار ہے، ان کی خدمات مثالی ہیں، ڈاکٹر فتح محمد مری
جامعہ سندھ کی فیکلٹی آف فارمیسی کی طرف سے عالمی فارماسسٹ دن منایا گیا، اس سلسلے میں فیکلٹی کے آڈیٹوریم میں “صحت مند مستقبل کے لیے فارماسسٹ کو بااختیار بنانے کی ضرورت” کے موضوع پر تقریب منعقد کی گئی، جس کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ فارمیسی جامعہ سندھ کی انتہائی اہم فیکلٹی ہے، جو 1974ء میں قائم ہوئی اور اپنی گولڈن جوبلی مکمل کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں فارماسسٹ کا اہم کردار ہے جو مریضوں کے محفوظ اور مؤثر علاج میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کے معیار، مناسب استعمال اور مریضوں کی رہنمائی کے حوالے سے فارماسسٹ کی خدمات بڑی اہمیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارماسسٹ کمٹمنٹ کا نام ہے، جن جا واسطہ انسانی زندگی کے بچاؤ سے ہے۔ انہوں نے طب کے شعبے میں ابن سینا کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہے، ان کا کردار اور کوششیں فارماسسٹ کے لیے ایک شاندار مثال کی مانند ہیں، جن سے انہیں رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ فارمیسی کی ڈگری کی بڑی اہمیت ہے، یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے سرکاری و نجی شعبوں میں کیریئر کے لاتعداد مواقع موجود ہیں۔ وائس چانسلر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر دیں تاکہ اپنی قابلیت کی بنیاد پر کامیاب کیریئر کے مواقع حاصل کر سکیں۔ اس سے قبل ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی گھوٹو نے اپنے استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر کو خوش آمدید کہا اور ان کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کا شعبہ فارماسسٹ کے کردار کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی دن منانے کا مقصد فارماسسٹ کے کام اور کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرنا بھی ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر، ڈین اور فیکلٹی ممبران نے مل کر فارماسسٹ کے عالمی دن کا کیک بھی کاٹا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، اس کے بعد فیکلٹی کے طلبہ منظر اور ایہما نے نعت پیش کی، اس تقریب کی کمپئیرنگ عائشہ فیصل، رابعہ جاوید، پریسا اور لویزا نے کی۔ اس موقع پر فیکلٹی کے مختلف شعبوں کے طلبہ کی جانب سے تیار کیے گئے پروجیکٹس کی نمائش بھی منعقد کی گئی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مری نے پروجیکٹس کی نمائش کا دورہ کر کے طلبہ سے پروجیکٹس کے بارے میں بریفنگ لی اور ان کی محنت کو سراہا۔ پروجیکٹس فارمیسی سے متعلق مختلف موضوعات پر تیار کیے گئے تھے، جن میں مریضوں کی حفاظت، ادویات کے مناسب استعمال، بیماریوں کے اسباب اور ان کی روک تھام کے لیے اقدامات، ادویات میں مختلف جڑی بوٹیوں کے استعمال اور ان کے فوائد سمیت دیگر موضوعات شامل تھے۔ اس تقریب میں فیکلٹی کے مختلف شعبوں کے چیئرمین اور اساتذہ جن میں ڈاکٹر عبیدالرحمان مغل، ڈاکٹر اکرم کھتری، ڈاکٹر اسلم سولنگی، ڈاکٹر عمران سہریانی، ڈاکٹر مظہر میمن، ڈاکٹر احمد شاہ، ڈاکٹر سلمان راجپوت، ڈاکٹر جمیلہ جمالی، ڈاکٹر شعیب عمرانی، ڈاکٹر نریندر شرما، ڈاکٹر سعید احمد لاکھو، ڈاکٹر شاہ بی بی، ڈاکٹر وقار سبزوئی، ڈاکٹر مہاراجا اور ڈاکٹر مبشر شاہ نے شرکت کی۔