جامعہ سندھ میں شیخ الجامعہ کی زیر صدارت ایڈمیشن کمیٹی کا اجلاس، مالی بحران کے پیش نظر آؤٹ سورس خدمات حاصل کرنے کے بجائے پری انٹری ٹیسٹ مرحلہ وار لینے کا فیصلہ

 جامعہ سندھ جامشورو میں شیخ الجامعہ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت ایڈمیشن کمیٹی کا اہم اجلاس وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقد ہوا، جس میں بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے ڈیکوریشن سروس سمیت آؤٹ سورس خدمات لینے کے بجائے اپنے انفرا اسٹرکچر کا بہتر استعمال کرتے ہوئے انٹری ٹیسٹ مرحلہ وار لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو نے آن لائن رجسٹریشن کرانے والے طلبہ و طالبات کی تفصیلی تعداد اور گزشتہ روز کی شام تک امکانی طور پر کئی آن لائن فارم جمع ہونے سمیت داخلوں سے متعلق امور کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پہلے روز 5 ہزار امیدواروں سے انٹری ٹیسٹ لیا جائے گا تاکہ مالی معاملات کا شکار جامعہ کے اخراجات بچائے جا سکیں اور اپنے مالی وسائل کے اندر رہ کر انٹری ٹیسٹ منعقد کیا جا سکے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ مرحلہ وار انٹری ٹیسٹ منعقد کرنے سے علامہ آئی آئی قاضی کیمپس جامشورو میں ہر سال کی طرح زیادہ رش بھی نہیں ہوگا اور ڈیکوریشن سروس و دیگر آؤٹ سورس خدمات کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی، جس سے لاکھوں روپے بچیں گے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لاڑ کیمپس بدین، محترمہ بینظیر بھٹو شہید کیمپس دادو، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، میرپورخاص و نوشہروفیروز کیمپس میں داخلہ لینے کے خواہشمند امیدواروں سے بھی پری انٹری ٹیسٹ جامشورو کے علامہ آئی آئی قاضی کیمپس میں مشترکہ طور پر لیا جائے گا۔ اجلاس میں شیخ الجامعہ سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ امیدواروں اور ان کے والدین کیلئے پینے کے پانی کی فراہمی سمیت ہر بنیادی سہولت مہیا کریں، تاہم امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین کے بیٹھنے کا بھی بہتر انتظام کیا جائے۔