جامعہ سندھ میں وائس چانسلر کی زیر صدارت اجلاس، بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے تین مرحلوں میں ہونے والے پری انٹری ٹیسٹ پر غور، پہلے مرحلے میں انٹری ٹیسٹ 30 اکتوبر کو ہوگا، اجلاس میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا

جامعہ سندھ جامشورو میں وائس چانسلر پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی سال 2023ءکے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ منعنقد کرانے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں تمام کمیٹیز کے کنوینرز نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو نے امیدواروں کی تعداد اور انٹری ٹیسٹ کے تین مرحلوں میں انعقاد کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں تین مرحلوں میں ہونے والے پری انٹری ٹیسٹ کے انتظامات و تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں انٹری ٹیسٹ 30 اکتوبر 2022ءکو منعقد ہوگا۔ وائس چانسلر نے ڈائریکٹر ایڈمیشنز اور ڈائریکٹر ٹیسٹنگ سینٹر کو ہدایت کی کہ مختلف اضلاع کے امیدواروں کو مشترکہ طور پر بلایا جائے تاکہ وہ ملکر ٹیسٹ دینے آسکیں اور ان کے اخراجات کم ہوں۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر غلام محمد بھٹو، ڈائریکٹر ٹیسٹنگ سینٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو، ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، عبدالمجید پنہور، ڈاکٹر ناہید آرائیں، ڈاکٹر پسند علی کھوسو، ڈاکٹر غزالہ پنہور، وکیش کمار، سید احسان شاہ راشدی و دیگر متعلقہ کنوینرز موجود تھے۔