جامعہ سندھ جامشورو میں اگلی کلاسز میں داخل طلبہ و طالبات کیلئے داخلہ فیس جمع کرانے کا کل 16 مئی تک آخری موقع، داخلہ فیس جمع نہ کرانے والے طلباء ڈفالٹر ہو جائیں گے، ان کے ای پورٹل اکاؤنٹس بند اور داخلوں کی فہرست سے ان کے نام خارج کیے جائیں گے
جامعہ سندھ جامشورو میں اگلی کلاسز میں پروموٹ کیے گئے طلبہ و طالبات کو آخری بار کل 16 مئی تک اپنی داخلہ فیس جمع کرانے کا آخری موقع دیا گیا ہے۔ وہ ایک ہزار روپے لیٹ فی کے ساتھ اپنی داخلہ فیس و امتحانی فارم جمع کرا سکتے ہیں۔ فیس جمع نہ کرانے والے طلباء کو ڈفالٹر قرار دے کر ان کے ای پورٹل اکاؤنٹس بند کر دیئے جائیں گے اور داخلوں کی فہرست سے ان کے نام خارج کیے جائیں گے، جس کی وجہ سے وہ 20 مئی سے منعقد ہونے والے امتحانات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ سندھ جامشورو کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کیلئے اپنی اگلی کلاسز کی داخلہ فیس جمع کرانے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے 16 مئی کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو کے مطابق سال دوم، سوم، چہارم و پنجم کے طلبہ و طالبات نے پورا سیمسٹر گزارنے کے باوجود ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز کی جانب سے بار بار یاددہانی کے سرکیولر جاری کرنے کے باوجودداخلہ فیس جمع نہیں کرائی۔ کل 16 مئی تک داخلہ فیس و امتحانی فارم جمع نہ کرانے والے طلباء کے ای پورٹ بند کیے جائیں گے، جس کی وجہ سے انہیں امتحانی سلپیں/ ایڈمٹ کارڈ نہیں مل سکیں گے، نتیجتاً وہ 20 مئی سے منعقد ہونے والے سیمسٹر امتحانات میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اس سلسلے میں ناظم سیمسٹر امتحانات محمد معشوق صدیقی نے مطلع کیا ہے کہ طلباء ایک ہزار روپے لیٹ فی کے ساتھ کل تک اپنی داخلہ فیس ہر حال میں جمع کرائیں، جس میں ان کا اپنا فائدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ فیس کے بغیر طلباء سے امتحان نہیں لیا جا سکتا، اس لیے جامعہ سندھ کے طلباء بھی فیس جمع کرائیں اور امتحانات میں حصہ لینے کیلئے اپنی اہلیت ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ 16 مئی تک داخلہ فیس جمع نہ کرانے والے سال دوم، سوم، چہارم و پنجم کے طلبہ و طالبات کیلئے یہ سمجھا جائے گا کہ وہ مزید تعلیم کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں، جس کی وجہ سے ان کے نام داخلوں کے فہرست سے خارج کرکے صرف اہل طلبہ و طالبات کی فہارست متعلقہ تعلیمی شعبوں کو ارسال کی جائیں گی، تاکہ ان سے امتحان لیا جاسکے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کل تک داخلہ فیس جمع کرانے والے طلباء مطلوبہ کاغذات کے ساتھ امتحانی فارم پُر کرکے ان کے آفس میں جمع کرائیں، بصورت دیگر انہیں امتحانات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔