جامعہ سندھ میں تعلیمی سال 2025ء کے لیے ایل ایل ایم ڈگری پروگرام میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ کا انعقاد، 100 نشستوں کے کیے 91 طالبات سميت مجموعی طور پر 455 امیدواروں کی شرکت

جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی سال 2025ء کے ایل ایل ایم ڈگری ایوننگ پروگرام میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ منعقد کیا گیا، جس میں 100 نشستوں کے لیے 91 طالبات سمیت مجموعی طور پر 455 امیدواروں نے شرکت کی۔ جامعہ سندھ کے ترجمان کے مطابق ٹیسٹ میں 100 نشستوں کے لیے 91 طالبات اور 364 طلبہ سمیت مجموعی طور پر 455 امیدواروں نے حصہ لیا اور داخلوں کے لیے اپنی قسمت ازمائی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ انٹری ٹیسٹ علامہ آئی آئی قاضی کیمپس پر انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس میں لیا گیا۔ ٹیسٹ کا آغاز صبح 10 بج کر 10 منٹ پر ہوا اور یہ سلسلہ 11:40 تک جاری رہا۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹیسٹ کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پری انٹری ٹیسٹ کے دوران امیدواروں کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے اور جامعہ انتظامیہ کی جانب سے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ دورے کے دوران ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس پروفیسر ڈاکٹر عبدالوسیم شیخ، ڈائریکٹر ایڈیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو، ڈائریکٹر سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر ڈاکٹر آفتاب چانڈیو، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف لاء ڈاکٹر سردار علی شاہ، ڈائریکٹر کیمپس سیکیورٹی ڈاکٹر غلام ثاقب برڑو، سینڈیکیٹ میمبر پروفیسر امید علی رند، وکیش کمار و دیگر بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے