جامعہ سندھ کے آئی بی اے اور ایک قومی کمپنی ٹیکس اِن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط، مشترکہ مفادات کے منصوبوں پر ملکر کام کرنے اور طلباء کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے پر اتفاق، انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کو 5 کمپیوٹر دینے کا بھی اعلان
انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) جامعہ سندھ جامشورو اور ایک قومی کمپنی ٹیکس اِن کے مابین ایک مفاہمت کے یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت دونوں ادارے مفادات کے منصوبوں پر ملکر کام کریں گے اور طلباء کیلئے اہم مواقع پیدا کرنے اور تعلیمی و تحقیقی فروغ کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔ مذکورہ معاہدے پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر امام الدین کھوسو اور چیف ایگزیکٹو آفیسر صلاح الدین پنہور نے رسمی طور پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق ٹیکس اِن کمپنی آئی بی اے کے طلباء کیلئے انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرے گی۔ اس موقع پر صلاح الدین پنہور نے ہر سال آئی بی اے کے طلباء کیلئے 20 کاروباری انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے اور کمپیوٹر لیب کیلئے 5 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صلاح الدین پنہور نے نوجوان کو عملی تربیت اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانے کیلئے اپنی کمپنی کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان اس ملک کے مستقبل اور رہنما ہیں۔ ہم مستقبل کے ان رہنماؤں میں سرکایہ کاری کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ ایسے انٹرن شپ پروگرامز اور ٹیکنالوجی کی سہولیات جدت اور بہترین قیادت کو فروغ دلانے کیلئے ایک بڑے ویژن کی جانب چھوٹا قدم ہیں۔ ڈاکٹر امام الدین کھوسو نے کہا کہ مذکورہ کمپنی کے ساتھ معاہدے کا فائدہ یقیناً ہمارے طلبہ و طالبات کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرن شپ کے مواقع میسر ہو سکیں تاکہ وہ عملی کام سیکھ کر اپنے کیریئر کابہتر انداز میں آغاز کر سکیں۔ قبل ازیں آئی بی اے کے آڈیٹوریم میں “پاکستان میں ٹیکس قانون” کے زیر عنوان ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ٹیکس ماہرین سید تقی شاہ اور فیصل خان نے ٹیکس قوانین اور فائیلر نان فائیلر سے متعلق طلبہ و طالبات کو تفصیلی معلومات فراہم کی۔ سید تقی شاہ نے ٹیکس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اس کو قومی ترقی کیلئے ایک لازمی عنصر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ملک کی معیشت کا اہم جز ہے۔ ٹیکس قوانین کو سمجھنا ضروری ہے تاکہ ٹیکس کی پابندی کو یقینی بنا کر قومی خوشحالی میں حصہ لیا جا سکے۔ انہوں نے ٹیکس نظام کو آسان کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شریک ہونے کیلئے حوصلہ افزائی کی جا سکے۔ فیصل خان نے کہا کہ شہریوں بالخصوص نوجوانوں کو ٹیکس سے متعلق معلومات ہونا لازمی ہے۔ ہمیں تمام سماجی شعبوں میں ٹیکس کے فوائد و ذمہ داریوں سے متعلق شعور پھیلانے پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے طلباء کو ٹیکس مشاورت اور پالیسی بنانے کے کیریئر میں جانے کیلئے حوصلہ افزائی کی اور پاکستان کی اقتصادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا۔ سیمینار کی صدارت پرو وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ نے کی، تاہم صلاح الدین پنہور، پروفیسر ڈاکٹر امام الدین کھوسو، پروفیسر ڈاکٹر انتظار علی لاشاری اور بڑی تعداد میں طلباء و فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔