
جامعہ سندھ اور ہیلپنگ ہینڈ فار رلیف اینڈ ڈویلپمنٹ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط، دونوں ادارے قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے اور ماحولیاتی شعور کو اجاگر کرنے کیلئے ملکر کام کریں گے
جامعہ سندھ جامشورو کے عابدہ طاہرانی سندھ ڈویلپمنٹ اسٹڈیز سینٹر اور ہیلپنگ ہینڈ فار رلیف اینڈ ڈویلپمنٹ پاکستان کے مابین قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے اور ماحولیاتی شعور کو بڑھانے سے متعلق باہمی تعاون کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔ جامعہ سندھ کی جانب سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی اور ہیلپنگ ہینڈ فار رلیف اینڈ ڈویلپمنٹ پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر امجد محمود امجد نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نانک رام، ڈائریکٹر سندھ ڈویلپمنٹ اسٹڈیز اور پروگرام کی فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر ارم خوشنود، ڈپٹی ڈائریکٹر اوریک سلمان احمد، ڈاکٹر نوشین خاصخیلی، علی محمد شاہ اور دونوں اداروں کے دیگر نمائندگان بھی موجود تھے۔ معاہدے کا مقصد تعلیمی اداروں میں اساتذہ و طلباء کو قدرتی آفات کے خلاف متحرک کرنا اور تربیتی پروگرامز کے ذریعے خصوصی طور پر حیدرآباد کی یونین کونسل 102، 103، 104 اور 105 میں آفات کے خطروں کو کم کرنے سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ ایم او یو کے تحت دونوں اداروں کے مابین مشترکہ کوششوں کے ذریعے کمزور طبقات کو طاقتور بناتے ہوئے موسمی تبدیلی سے متعلق آگہی پیدا کرنے کیلئے عوامی سطح پر کام کیا جائے گا۔ ایم او یو کے مطابق سندھ ڈویلپمنٹ اسٹڈیز سینٹر تعلیمی مواد، ٹرینر و طلباء فراہم کرے گا، جو اسکولوں میں آفات سے بچاؤ کے حوالے سے تربیت، سیفٹی پلاننگ اور شعور کے فروغ والی مہم میں حصہ لیں گے۔ سینٹر شجرکاری مہم بھی چلائے گا اور فیلڈ ورک کی سہولت، لاجسٹک مدد اور محفوظ کام کرنے والا ماحول فراہم کرے گا۔ دونوں اداروں نے مالی شفافیت کو یقینی بنانے، مشترکہ نگرانی اور اثرات کی جانچ پڑتال پر اتفاق کیا ہے۔