جامعہ سندھ میں انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز کی جانب سے پانچویں بین الاقوامی عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کانفرنس، تلاوت قرآن پاک اور حضور پاک کو نعتوں کے گلدستے پیش، نامور اسلامی اسکالرز و علماء کی جانب سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ آلہ وسلم کی تعلیمات و طرز حیات پر روشنی ڈالی گئی، حضور اکرم صلی اللہ علیہ آلہ وسلم نے پوری دنیا میں علم و اسلام کی روشنی پھیلا کر انسانیت کے دلوں سے جہالت کے اندھے عقائد کا خاتمہ کیا، حضور کی زندگی انسانیت کیلئے سب سے بڑی ہدایت کا سرچشمہ ہے، سیرت النبی صلی اللہ علیہ آلہ وسلم مکمل ضابطہ حیات ہے، وی سی ڈاکٹر خلیل الرحمان کھباٹی و دیگر اسکالرز کا بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب

جامعہ  سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز (عربی و فارسی) کی میزبانی میں ایک روزہ پانچویں بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء، محققین و اساتذہ نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی و تعلیمات پر جامع روشنی ڈالی۔ مذکورہ روح پرور اجتماع انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے کی۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز ڈاکٹر مفتی صاحبداد علی سکندری، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی گھوٹو، ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو، پروفیسر نظر حسین چانڈیو، محمد معشوق صدیقی، پروفیسر امید علی رند، ڈاکٹر ناہید آرائیں، ڈائریکٹر جنرل ایران کلچر سینٹر حیدرآباد رضا پارسا سمیت دیگر ممالک کے مہمان بھی موجود تھے۔ کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے نبی آخرالزمان حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت کے معجزات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے پوری دنیا میں علم و اسلام کی روشنی پھیلا کر انسانیت کے دلوں سے جہالت کے اندھے عقائد کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی انسانیت کیلئے سب سے بڑی ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم مکمل ضابطہ حیات ہے، جس میں ذاتی، اجتماعی و روحانی زندگی کے تمام پہلو شامل ہیں۔ ہمارا فرض ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی امن، برداشت و انصاف پر مبنی تعلیم کو اپنی زندگی میں اپنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات کو عام کیا جائے اور ان کی یوم ولادت کی خوشی میں گھروں، عمارتوں و مساجد کو منور کیا جائے، کیونکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے حقیقی محبت کرنے سے ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو پوری انسانیت کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا۔ ان کا پیغام آفاقی ہے، جو برابری، انسانی عظمت و شفقت سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو چاہئے کہ وہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا مطالعہ کریں تاکہ آج کے معاشرے کو اخلاقی بنیادوں پر سنوارا جا سکے۔ ایک اور مقرر ڈاکٹر اسداللہ الزہری نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اعتدال کے علمبردار تھے، جنہوں نے اپنے بے مثال کردار اور اخلاقی بلندی سے معاشرے کو بدل دیا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا پیغام، عدل، مساوات و بھائی چارے کا پیغام ہے، جو آج کے دور میں ماضی کے مقابلے میں زیادہ اہم ہے۔ برطانیہ سے حافظ منیر احمد الزہوری نے آن لائن شرکت کرتے ہوئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات سے متعلق جامع خیالات پیش کیے۔ انہوں کہا کہ اُمت کو چاہئے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات کے ساتھ دوبارہ وابستگی پیدا کریں، تاکہ تفرقہ بازی اور مادیت پرستی کے چیلنجز کا خاتمہ لایا جا سکے۔ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی ہمیں شفقت، عاجزی و انسانیت کی خدمت سکھاتی ہے، یہ تینوں چیزیں دنیا کے ہر مسلمان کیلئے ضروری اقدار ہیں۔ ڈاکٹر جنرل ایران کلچر سینٹر حیدرآباد رضا پارسا نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی تعلیمات نے اسلامی تہذیب کی بنیاد رکھی، جس کا علم، سائنس و ادب میں شاندار حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے ثقافتی و روحانی تعلقات حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت کی وراثت سے منسلک ہیں۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز (عربی و فارسی) ڈاکٹر مفتی صاحبداد علی سکندری نے کہا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے علم کی تلاش، مکالمہ و ثقافتی تنوع کے احترام کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز پرعزم ہے کہ عربی و فارسی کے مطالعے کو توسیع دی جائے، جو اسلامی فکری ورثے کو صدیوں تک سنبھالنے والی زبانیں ہیں۔ پروفیسر نظر حسین چانڈیو نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی سادگی، سچائی اور انصاف پورے معاشرے کیلئے لازوال نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ان اقدار کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شدت پسندی و انتشار کا مقابلہ کیا جا سکے۔ قبل ازیں تقریب میں قرآن پاک کی قرات کے ساتھ تلاوت کی گئی۔ نبی آخرالزمان صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں نعتوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور علماء نے مقالے پیش کیے۔ بین الاقوامی کانفرنس میں اساتذہ، طلباء و مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت۔ کانفرنس کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔

 

Author: Mrs. Shumaila Solangi 08/28/2025
Announcements
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽيءَ ۾ انسٽيٽيوٽ آف لينگويجز پاران پن...
View Details → 08/28/2025
1024 x 768
جامعہ سندھ میں انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز کی جانب سے پ...
View Details → 08/28/2025
1024 x 768
SU int’l conference sheds light on teachings of Prophet Muhammad (PBUH)
View Details → 08/28/2025