جامعہ سندھ میں وائس چانسلر کی زیر صدارت پری انٹری ٹیسٹ کی متعلقہ کمیٹیوں کے کنوینرز کا اجلاس، تیاریوں سے متعلق انہیں بریفنگ دی گئی، ڈاکٹر مری کا اظہار اطمینان، پہلے مرحلے کے ٹیسٹ کیلئے متعلقہ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے ای میل ایڈریس اور ای پورٹل پر جاری کر دیئے گئے ہیں، ڈائریکٹر ایڈمیشنز
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری کی زیر صدارت 12 اکتوبر کو منعقد ہونے والے پری انٹری ٹیسٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس ہوا، جس میں مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز نے انٹری ٹیسٹ کے بہترین انداز میں انعقاد کے حوالے سے لیے گئے اقدامات سے آگاہی دی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی، پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی، پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈاکٹر آفتاب چانڈیو، ڈاکٹر پسند علی کھوسو، ڈاکٹر ایاز کیریو، ڈاکٹر فرحت نورین، ڈاکٹر شبانہ تنیو، رفیق علی بروہی، منور راجڑ، فیصل مغل، انجنیئر تنویر گلفام، ڈاکٹر انتظار علی لاشاری اور ڈاکٹر محمد عقیل بھٹو نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز کی جانب سے تیاریوں سے متعلق بریفنگ پر وائس چانسلر نے اظہار اطمینان کیا اور کہا کہ پری انٹری ٹیسٹ کے دوران امیدواروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ان کے ہمراہ آنے والے والدین کے بیٹھنے کا بھی بہتر انتظام کیا جائے گا۔ دوسری جانب ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو نے بتایا کہ جامعہ سندھ میں پہلے فیز کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز کے ٹیسٹ میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے ای میل ایڈریس اور ای پورٹل پر جاری کیے گئے ہیں، وہ وہاں سے ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ لے سکتے ہیں۔