جامعہ سندھ میں پری انٹری ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل، مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 8676 نوجوانوں نے اپنے روشن مستقبل کے لیے ٹیسٹ دیا، وائس چانسلر کی جانب سے خیرمقدم

 جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے نئے تعلیمی سال 2027ع کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے، پہلے مرحلے میں سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ٹوٹل 8676 میل اور فیمیل امیدواروں نے اپنے روشن مستقبل کے لیے سندھ یونیورسٹی کا انتخاب کرتے ہوئے ٹیسٹ دیا۔ ٹیسٹ کے موقع پر سخت سکیورٹی کے انتظامات سمیت طلبہ کی سہولت کے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں پریس بریفنگ کا انتظام کیا گیا تھا، جس میں شیخ الجامعہ سندھ  پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو ٹیسٹ کے انتظامات، امیدواروں کی تعداد، یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے لیے گئے اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملیوں کے بارے میں آگاہی دی۔ وائس چانسلر نے میڈیا سے کی گئی گفتگو میں ٹیسٹ دینے کے لیے آنے والے تمام امیدواروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہر سال داخلے کے خواہشمند امیدواروں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ ان کے اور ان کے والدین کا یونیورسٹی پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی امیدواروں کا بہترین انتخاب ہے، جو نہایت ہی کم فیس پر انتہائی اہم شعبوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ ہاسٹلز میں رہائش اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ضرورت اور میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپس کے بہت زیادہ مواقع موجود ہیں، جن سے ہزاروں طلبہ فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی ملک کی قدیم یونیورسٹی ہے، جو ہر سال ہزاروں باصلاحیت اور قابل نوجوان تیار کرکے ملک کی خدمت کے لیے عملی میدان میں بھیجتی ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کا اپنا ٹیسٹنگ سینٹر ہے، جو کئی سالوں سے نہایت ہی شفافیت اور مکمل رازداری کے ساتھ انٹری ٹیسٹ لے رہا ہے اور اسی دن رزلٹ جاری کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی سہولت اور انتظامات کی بہتری کے لیے دو حصوں میں ٹیسٹ لیا جاتا ہے، پہلے مرحلے میں دور کے اضلاع کے بچوں کو موقع فراہم کیا جاتا ہے اور دوسرے مرحلے میں قریبی اضلاع کو ٹیسٹ میں شامل کیا جاتا ہے اور مختلف کیمپسز میں داخلے کے خواہشمندوں کو انہی کیمپسز میں ٹیسٹ کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔ وائس چانسلر نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹیسٹ کے دونوں مراحل کے لیے ٹوٹل 22511 امیدواروں نے آن لائن اپلائی کیا ہے، جس میں 16237 میل اور 6274 فیمیل امیدوار شامل ہیں اور آج پہلے مرحلے میں ٹوٹل 8676 امیدوار ٹیسٹ میں شامل ہیں، جن میں 6857 میل اور 1819 فیمیل امیدوار شامل ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ٹیسٹ کا یہ تمام عمل کمپیوٹرائزڈ ہے، امیدوار جو بھی پیپر دیں گے، سسٹم اسی کے مطابق رزلٹ تیار کرکے دے گا، جس میں ناانصافی کی ذرہ برابر بھی گنجائش موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ دینے والے امیدوار اور ان کے والدین مکمل بھروسہ رکھیں، داخلے کا تمام پروسس مکمل شفافیت اور میرٹ پر مشتمل ہے، جس کی جو بھی میرٹ بنے گی اسے اسی کے مطابق داخلہ ملے گا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر پری انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کے لیے بنائی گئی مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز کی کوششوں اور کمٹمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کے اس پہلے فیز کی کامیابی مشترکہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بریفنگ میں شامل تمام صحافیوں کی شرکت اور یونیورسٹی کی مثبت میڈیا کوریج پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعلیٰ تعلیمی ادارے ہماری نوجوان نسل کی امیدوں کا مرکز اور ان کے والدین کے خوابوں کی تعبیر ہیں، جن کی نیک نامی اور ترقی کے لیے ہمیں مشترکہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پریس بریفنگ کے موقع پر سندھ یونیورسٹی مین کیمپس کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، ٹھٹھہ کیمپس کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی، دادو کیمپس کی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا ناز سومرو، سندھ یونیورسٹی کے رجسٹرار ساجد قیوم میمن، ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو، پری انٹری ٹیسٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی کنوینر پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح سمیت مختلف کمیٹیوں کے کنوینرز اور ممبران ڈاکٹر پنہل خان لاشاری، پروفیسر امر سندھو، ڈاکٹر سعید احمد منگی، ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر رابعہ اسما میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ پریس بریفنگ کے بعد وائس چانسلر نے پرو وائس چانسلرز کے ساتھ مختلف بلاکس کا دورہ کیا اور جاری ٹیسٹ کے عمل کا جائزہ لیا، جبکہ مختلف فیکلٹیز کے ڈینز کی جانب سے بھی امتحانی عمل کی نگرانی کرتے ہوئے بلاکس کا جائزہ لیا گیا۔ ٹیسٹ صبح 10:00 بجے شروع ہوا جو 90 منٹ تک جاری رہا اور 11:30 پر اختتام پذیر ہوا۔ ٹیسٹ کے موقع پر وائس چانسلر امیدواروں کے ساتھ آئے ہوئے ان کے والدین سے بھی ملے، جنہوں نے سندھ یونیورسٹی کے انتظامات کی تعریف کی اور انتظار گاہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔ انٹری ٹیسٹ کے پہلے مرحلے میں کراچی، سانگھڑ، شہید بینظیر آباد، دادو، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، گھوٹکی، جیکب آباد، کشمور، خیرپور، مٹیاری، نوشہرو فیروز، شکارپور اور سکھر اضلاع کے امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ انٹری ٹیسٹ کے موقع پر سندھ یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ شعبے کی جانب سے حیدرآباد، کوٹری اور جامشورو سمیت قریبی علاقوں سے امیدواروں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی تھی، انٹری ٹیسٹ کے دوران لڑکوں اور لڑکیوں کے داخل ہونے کے الگ الگ راستے مقرر کیے گئے تھے، جہاں پر 200 سے زائد والنٹیئرز کی ٹیم امیدواروں کی رہنمائی کے لیے موجود تھی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے منی ہاسپٹل کی جانب سے امتحانی بلاکس سمیت باہر مختلف جگہوں پر طبی کیمپ قائم کیے گئے تھے، جہاں قابل ڈاکٹروں کی ٹیم، ہنگامی طبی امداد کی ضروری ادویات کے ساتھ ایمبولینسیں موجود تھیں۔ ٹیسٹ کے موقع پر سندھ یونیورسٹی کے بوائز اور گرلز ہاسٹلز کی جانب سے مختلف اضلاع سے ٹیسٹ دینے کے لیے آنے والے ایک ہزار سے زائد امیدواروں اور ان کے والدین کو رہائش کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ دوسری طرف سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی جانب سے کامیاب انٹری ٹیسٹ کے انعقاد پر یونیورسٹی کے اساتذہ، افسران اور ملازمین کو مبارکباد دی گئی ہے۔

 

Author: Mrs. Shumaila Solangi 10/04/2026
Announcements
1024 x 768
Speakers Highlight the Role of Sports in Building a Healthy Society at SU Sports Festival ...
View Details → 11/13/2026
1024 x 768
مقررین نے صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کے کر...
View Details → 11/13/2026
1024 x 768
SU Students Showcase Entrepreneurial Skills at Expo Featuring Over 50 Business Stalls
View Details → 11/12/2026