جامعہ سندھ نے انٹری ٹیسٹ کا پاسنگ اسکور 33 مقرر کر دیا، خالی رہ جانے والی نشستوں پر دوبارہ ٹیسٹ لے کر نوجوانوں کو موقع دینے کا فیصلہ، وائس چانسلر کی زیرِ صدارت ایڈمیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد
جامعہ سندھ نے نئے تعلیمی سال 2027ء کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے حال ہی میں منعقد ہونے والے پری انٹری ٹیسٹ کا پاسنگ اسکور 33 مقرر کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغۂ امتیاز) کی زیرِ صدارت ایڈمیشن کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا۔ وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقدہ اجلاس میں ایڈمیشن کمیٹی کے اراکین، جن میں کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز، فیکلٹیز کے ڈینز اور مختلف شعبوں کے سربراہان شامل تھے، نے شرکت کی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ داخلوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے اور میرٹ لسٹیں جاری ہونے کے بعد جن شعبوں میں نشستیں خالی رہ جائیں گی، ان کی ایڈورٹائزمینٹ کی جائے گی تاکہ داخلے سے محروم رہ جانے والے نوجوانوں کو دوبارہ درخواست دینے اور انٹری ٹیسٹ میں شرکت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹیسٹ کے پاسنگ نمبروں کی شرح میں 9 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد داخلوں کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ ملک کی دوسری قدیم ترین یونیورسٹی ہے، جس کے بہترین تعلیمی ماحول کی وجہ سے ہر سال 22 ہزار سے زائد امیدوار داخلوں کے لیے درخواستیں جمع کراتے ہیں۔ یونیورسٹی اپنے مختلف شعبوں میں مختص نشستوں پر ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر داخلے فراہم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کا داخلہ نظام مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ اور سو فیصد شفاف ہے، جس میں کسی کے ساتھ ناانصافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ سندھ میں تعلیم حاصل کرنے سے نہ صرف طلبہ کے علم میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ ان کی شخصیت کی تعمیر بھی ہوتی ہے۔ یونیورسٹی میں چار سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد طالب علم کی شخصیت میں نمایاں تبدیلی آتی ہے اور اس میں ایک نیا نکھار پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں، بالخصوص طالبات کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ اسی مقصد کے تحت داخلوں کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد خالی رہ جانے والی نشستوں پر داخلے کے خواہش مند امیدواروں کو دوبارہ موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں، خصوصاً اپنی بیٹیوں کو داخلوں کے دوسرے مرحلے میں ضرور درخواستیں جمع کرانے کی حوصلہ افزائی کریں، تاکہ وہ اپنے روشن مستقبل کے لیے جامعہ سندھ کی جانب سے فراہم کیے جانے والے اس نئے موقع سے فائدہ حاصل کر سکیں۔وائس چانسلر نے ایڈمیشن کمیٹی کے تمام ارکان کو خوش آمدید کہا اور انٹری ٹیسٹ اور داخلوں کے عمل کے دوران ان کے بھرپور تعاون کو سراہا۔
اس سے قبل ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو نے وائس چانسلر کو جامعہ سندھ کے مین کیمپس اور مختلف کیمپسز میں دستیاب نشستوں کی تعداد، جنرل میرٹ، سیلف فنانس اور کوٹے کی مختلف کیٹیگریز کے تحت مختص نشستوں سمیت دیگر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ جبکہ جامعہ سندھ ٹیسٹنگ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب احمد چانڈیو نے داخلوں کے لیے درخواستیں دینے والے میل اور فیمیل امیدواروں کی مجموعی تعداد، انٹری ٹیسٹ کے دونوں مراحل میں حاضر اور غیر حاضر رہنے والے امیدواروں کی تعداد، زیادہ اسکور حاصل کرکے نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے امیدواروں کی تفصیلات اور ٹیسٹ کے مجموعی نتائج کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں، اتفاق رائے سے انٹری ٹیسٹ کا پاسنگ اسکور 33 مقرر کیا گیا اور اس کے مطابق میرٹ لسٹیں تیار کرنے کے عمل کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں جامعہ سندھ دادو کیمپس کی پرو وائس چانسلر ڈاکٹر انیلا ناز سومرو، رجسٹرار ساجد قیوم میمن، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز ڈاکٹر نانک رام، ڈاکٹر لچھمن داس دھوميجا، ڈاکٹر حافظ منیر احمد خان، ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو ڈاکٹر ناہید کاکا اور ڈاکٹر محمد علی گھوٹو سمیت ایڈمیشن کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈاکٹر محمد عقیل بھٹو، ڈاکٹر کامران ڈاہری، ڈاکٹر امید علی رند، ڈاکٹر عبدالرحمان نانگراج، ڈاکٹر انتظار علی لاشاری، ڈاکٹر فرحت نورین، محمد معشوق صدیقی، ڈائریکٹر فنانس ذیشان میمن، ڈاکٹر پنہل خان لاشاری، ڈاکٹر محمد یونس لغاری، اجوید احمد بھٹی اور آفتاب یوسف پردیسی نے شرکت کی۔