جامعہ سندھ کی سنڈیکیٹ میں اساتذہ کی چار نشستوں پر انتخابات، ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈاکٹر محمد قاسم نظامانی، ڈاکٹر حمیرہ ہکڑو اور ڈاکٹر عبدالرحمٰن نانگراج زیادہ ووٹ لے کر کامیاب قرار، وائس چانسلر کی جانب سے کامیاب ہونے والے تمام اساتذہ کو مبارک باد
جامعہ سندھ کی سنڈیکیٹ میں اساتذہ کی رکنیت کی چار نشستوں، پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر، اسسٹنٹ پروفیسر اور لیکچرار کے لیے انتخابات منعقد ہوئے۔ الیکشن آفیسر جامعہ سندھ کے رجسٹرار ساجد قیوم میمن کی نگرانی میں وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں ہونے والے انتخابات میں جامعہ سندھ کے اساتذہ نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابی عمل صبح 9 بجے شروع ہوا اور شام 4 بجے تک جاری رہا، جبکہ نتائج کا اعلان اسی روز شام 5 بجے کیا گیا۔
الیکشن آفیسر کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق پروفیسر کی نشست پر مقابلہ کرنے والے دو امیدواروں میں پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ ملاح نے 64 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن اَگھیم نے 36 ووٹ حاصل کیے۔ زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ ملاح کو کامیاب قرار دیا گیا۔
ایسوسی ایٹ پروفیسر کی نشست پر تین امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں ڈاکٹر محمد قاسم نظامانی نے 77 ووٹ، ڈاکٹر وحید احمد عباسی نے 12 ووٹ، جبکہ ڈاکٹر اشفاق علی بانبھن نے 6 ووٹ حاصل کیے۔ زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر ڈاکٹر محمد قاسم نظامانی کامیاب قرار پائے۔
جاری کردہ نتائج کے مطابق اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست پر تین امیدواروں میں مقابلہ ہوا، جن میں ڈاکٹر حمیرہ ہکڑو نے 149 ووٹ، ڈاکٹر عمران علی ہالیپوٹو نے 36 ووٹ، جبکہ ڈاکٹر عبدالقادر پاٹولی نے 17 ووٹ حاصل کیے۔ اس طرح ڈاکٹر حمیرہ ہکڑو کو زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر کامیاب قرار دیا گیا۔
لیکچرار کی نشست پر تین امیدواروں میں مقابلہ ہوا، جن میں ڈاکٹر عبدالرحمٰن نانگراج نے 31 ووٹ، اصغر علی سہتو نے 17 ووٹ، جبکہ ثمینہ گوریانی نے 6 ووٹ حاصل کیے۔ زیادہ ووٹ حاصل کرنے پر ڈاکٹر عبدالرحمٰن نانگراج کو کامیاب قرار دیا گیا۔
جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مَری (تمغۂ امتیاز) نے سنڈیکیٹ کی چاروں نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارک باد دی ہے۔ وائس چانسلر نے کہا ہے کہ سنڈیکیٹ یونیورسٹی کا نہایت اہم فورم ہے، جس میں اساتذہ کی نمائندگی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کامیاب ہونے والے اساتذہ جامعہ کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
جامعہ سندھ کی جانب سے سنڈیکیٹ انتخابات کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے، جنہیں انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور ووٹ کا حق استعمال کرنے والے اساتذہ نے سراہا۔ یونیورسٹی اتھارٹی کی جانب سے ڈپٹی رجسٹرار محمد داؤد چنڑ اور سلطان احمد بلوچ کو اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز مقرر کیا گیا تھا۔