فنکار رنگوں کے ذریعے احساسات کی ترجمانی اور معاشرے کی عکاسی کرتے ہیں: جامعہ سندھ کے انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن میں آرٹ اینڈ کرافٹ کے فن پاروں کی نمائش

فنکار رنگوں کے ذریعے احساسات کی ترجمانی کے ساتھ ساتھ معاشرے کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔ آرٹ اظہار کا ایک مضبوط اور مؤثر ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جامعہ سندھ کے انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن میں آرٹ اینڈ کرافٹ کے فن پاروں کی نمائش کے موقع پر کیا۔

نمائش کا افتتاح جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغۂ امتیاز) نے کیا۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید احمد منگی، ڈینز ڈاکٹر محمد خان سانگی اور ڈاکٹر لچھمن داس دھوميجا، سنڈیکیٹ ممبران ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈاکٹر حمیرہ ہکڑو، مختلف شعبوں کے اساتذہ اور طلبہ بھی موجود تھے۔

نمائش کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ کی شہید بینظیر بھٹو آرٹ گیلری میں فائن آرٹس، کمیونیکیشن اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات کے تیار کردہ تجریدی آرٹ اور کرافٹ کے خوبصورت فن پارے نمائش کے لیے رکھے گئے تھے، جن میں مختلف موضوعات کی عکاسی کی گئی تھی۔وائس چانسلر نے طلبہ کی خوبصورت تخلیقات کا نہایت دلچسپی سے مشاہدہ کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ و طالبات میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے جامعہ کے اندر اور باہر بھرپور مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

وائس چانسلر نے اس حوالے سے حال ہی میں کراچی میں سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور جامعہ سندھ کے اشتراک سے منعقد ہونے والے دو بڑے پروگراموں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان پروگراموں میں مختلف جامعات کے 700 سے زائد طلبہ نے شرکت کی، جبکہ آرٹ کی نمائش میں جامعہ سندھ کے طلبہ کے فن پارے سب سے نمایاں رہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جلد ہی کراچی آرٹس کونسل اور دیگر فورمز پر جامعہ سندھ کے طلبہ کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا جائے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ آرٹ امن کا پیغام دیتا ہے اور فنکار امن کے سفیر ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ میں میوزک سوسائٹی بھی قائم کی گئی ہے، کیونکہ موسیقی بھی آرٹ کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ طلبہ کو صلاحیتوں کے اظہار کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں اور فن کے ذریعے امن و محبت کا پیغام عام کیا جائے۔ اس سے قبل انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید احمد منگی نے استقبالیہ خطاب میں تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور نمائش کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر فیکلٹی آف آرٹس کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد خان سانگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب خیالات اور احساسات کو رنگوں کے ذریعے پیش کیا جاتا ہے تو وہ مزید خوبصورت اور دلکش دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتی ہیں۔

جامعہ سندھ کے انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کی ڈائریکٹر اور سنڈیکیٹ ممبر پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ انسٹی ٹیوٹ ہر نمائش میں ایک نیا سرپرائز دیتا ہے اور ہر بار نئے موضوعات پر منفرد فن پارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں کے طلبہ انتہائی باصلاحیت ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر کو تجویز پیش کی کہ انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کے لیے علیحدہ اسکالرشپ اسکیم متعارف کرائی جائے، کیونکہ آرٹ کے کام پر ان کے اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپس کے ذریعے وسائل فراہم کیے جائیں تو طلبہ مزید بہتر انداز میں اپنی تخلیقی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔

ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح نے مزید کہا کہ طلبہ کے فن پاروں کی نمائش کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف بڑے شہروں کے اداروں میں بھی منعقد کی جانی چاہیے، تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو وسیع تر سطح پر متعارف کرانے کے مواقع مل سکیں۔

اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن کی جانب سے تیار کردہ جامعہ سندھ کے شعبۂ زولوجی اور شعبۂ فزیالوجی کے بانی اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقادر انصاری، جو سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر بھی رہ چکے ہیں، اور پروفیسر ڈاکٹر دین محمد شیخ کے دو خوبصورت پورٹریٹس وائس چانسلر کو پیش کیے گئے۔ جنہوں نے یہ پورٹریٹس شعبۂ زولوجی کی چیئرپرسن ڈاکٹر رفعت سلطانہ اور شعبۂ فزیالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر ذوالفقار علی لغاری کے حوالے کیے۔

 

Author: Mrs. Shumaila Solangi 10/30/2026
Announcements
1024 x 768
Breast Cancer Claims 40,000 Women’s Lives Annually in Pakistan; SU Seminar Stresses Awar...
View Details → 10/30/2026
1024 x 768
Artists Express Emotions and Reflect Society Through Colours: Art and Craft Exhibition Hel...
View Details → 10/30/2026
1024 x 768
پاکستان میں ہر سال چھاتی کے کینسر کے باعث 40 ہزار خÙ...
View Details → 10/30/2026