ادیبوں اور دانشوروں نے ولی رام ولبھ کو سندھی ادب کا خاموش خدمتگار قرار دے دیا، سندھالوجی میں سیمینار منعقد، وائس چانسلر نے صدارت کی

 ادیبوں اور دانشوروں نے ولی رام ولبھ کو سندھی ادب کا خاموش خدمتگار  قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی 60 سالہ قلمی محنت منفرد و مثالی ہے۔ ان کی تحاریر و تراجم ادب کا قیمتی خزانہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف سندھالوجی میں ”ولی رام ولبھ کی تحاریر میں ادبی اصناف کے فنی و فکری پہلو“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں کیا۔ نامور مصنف اور مترجم ولی رام ولبھ کی تیسری برسی کے موقع پر ولی رام ولبھ ادبی سوسائٹی اور سندھالوجی کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیے گئے اس پروگرام کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے کی۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر مری نے کہا کہ ولی رام ولبھ سندھی ادب کے خاموش خدمتگار تھے جنہوں نے بغیر کسی لالچ کے نہ صرف شاندار نثر اور نظم لکھیں بلکہ اس کے کیے گئے تراجم بھی شاہکار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ جس طرح خود نفیس طبیعت کے مالک تھے، اسی طرح کی نفاست ان کی تحاریر و تراجم میں بھی نظر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کے لیے بھی ان کی شاندار خدمات ہیں، انہوں نے سندھالوجی کے میوزیم، لائبریری اور شعبہ اشاعت میں 13 سال تک پوری کمٹمنٹ اور جذبے کے ساتھ کام کیا۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ولی رام ولبھ، مرزا قلیچ بیگ کی روایات کا تسلسل تھے، جنہوں نے دنیا کے شاہکار ادب کو سندھی زبان کا لباس پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مختلف زبانوں پر عبور حاصل تھا، یہی وجہ ہے کہ ان کے تراجم روانی سے بھرپور اسی زبان میں لکھے ہوئے محسوس ہوتے ہیں۔ ان کی اپنی لکھی ہوئی کہانیاں، خاکے، شاعری اور دیباچے ہوں یا ترجمہ کی گئی کتابیں، ادب کا بڑا سرمایہ ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نامور مصنفہ و افسانہ نویس شبنم گل نے کہا کہ ولی رام علم و آگہی کا سرچشمہ تھے، جنہوں نے بہت سے نئے مصنفین  کو تربیت و رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی تحریریں اور تراجم قارئین کے احساسات کی ترجمانی کرتے ہیں، ان کے موضوعات اور انتخاب شاندار ہیں، جن میں فکری گہرائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا مطالعہ وسیع تھا، انہوں نے دنیا کا بہترین ادب پڑھا اور اسے سندھی ادب کا حصہ بنایا۔ سندھی ادب پر ان کے بڑے احسانات ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر تہمینہ مفتی نے کہا کہ ولی رام ولبھ نے مغرب کے نامور مصنفین کی تحریروں کا ترجمہ کیا، ان کے ترجمے کی زبان سادہ، سلیس اور ہر کسی کی سمجھ میں آنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر شاعری کا ترجمہ کرنا مشکل ہوتا ہے، کیونکہ اس میں خیالات کی روانی کو جوں کا توں برقرار رکھنا ہوتا ہے، لیکن ولی رام کی ترجمہ کردہ شاعری میں کہیں بھی ترجمے کا گمان نہیں ہوتا، یہی چیز ناولوں اور کہانیوں میں بھی نظر آتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سندھالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیاض لطیف نے کہا کہ ولی رام جیسے لوگ چراغ کی مانند ہوتے ہیں، جو اپنی روشنی سے دنیا کو روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترجمہ تخلیق سے بھی زیادہ مشکل ہوتا ہے، جس میں بہت سی پابندیاں موجود ہوتی ہیں، لیکن ولی رام ولبھ نے اس مشکل کام کو شاندار انداز میں انجام دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، ان کا کیا ہوا ترجمہ خود ایک تخلیق محسوس ہوتا ہے۔ نامور مصنفہ و محقق ڈاکٹر پروین موسیٰ میمن نے کہا کہ ولی رام بہترین مصنف ہونے کے ساتھ ساتھ وضعدار طبیعت کے مالک بھی تھے۔ ان کی تحریریں اور تراجم آئینے کی مانند ہیں، جن میں معاشرے کے عکس دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درسی کتابوں کے حوالے سے بھی ان کا شاندار کام کیا ہوا ہے، وہ بہترین ایڈیٹر بھی تھے۔ اس موقع پر ولی رام ولبھ کے فرزند ڈاکٹر کملیشور، صاحبزادی ڈاکٹر پشپا ولبھ اور انیتا کملیشور نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سندھ یونیورسٹی کے طالب علم چندر پرکاش کی جانب سے تیار کردہ ”ولی رام ولبھ ویب سائٹ“ کا وائس چانسلر کی جانب سے افتتاح بھی کیا گیا۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض نامور مصنف ڈاکٹر مرلی دھر نے انجام دیے۔ تقریب میں ولی رام ولبھ کی اہلیہ اور خاندان کے افراد سمیت ادیبوں، اساتذہ و طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 

 

Author: Mrs. Shumaila Solangi 11/15/2026
Announcements
1024 x 768
Writers and Intellectuals Describe Vali Ram Vallabh as a Silent Contributor to Sindhi Lite...
View Details → 11/15/2026
1024 x 768
ادیبوں اور دانشوروں نے ولی رام ولبھ کو سندھی ادب ک...
View Details → 11/15/2026
1024 x 768
Speakers Highlight the Role of Sports in Building a Healthy Society at SU Sports Festival ...
View Details → 11/13/2026