چینی وفد کی شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ملاقات: چینی زبان کی تربیت و تحقیقی میدان میں ملکر کام کرنے پر اتفاق

کراچی یونیورسٹی میں چائنز کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر  زانگ زیاؤ پنگ نے اپنے 10 رکنی وفد کے ہمراہ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے ملاقات کی، جس میں یونیورسٹی کے طلباء کو چینی زبان کی تربیت دینے اور تحقیقی میدان میں ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی وفد کی قیادت کرنے والے زانگ زیاؤ پنگ نے شیخ الجامعہ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیڈٹ کالج پیٹارو میں چینی زبان کی تربیت دی جا رہی ہے، اگر جامعہ سندھ کے طلباء آنا چاہیں تو انہیں سفری سہولت و رہائش دی جا سکتی ہے، جبکہ کتابوں کے اخراجات تربیت لینے والے خود برداشت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جامعہ سندھ میں چینی زبان کی تربیت کا پروگرام شروع کیا گیا تو وہ ٹیچرز فراہم کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث فی الحال چینی زبان سکھانے کی فزیکل کلاسز شروع نہیں کی جا سکتی، تاہم تحقیقی میدان میں چین کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ و جامعات کے ساتھ ملکر کام کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ میں 28 ہزار سے زائد طلباء بیک وقت زیر تعلیم ہیں، جن میں سے 4 ہزار 500 طلبہ و طالبات ہاسٹلز میں رہائش پذیر ہیں۔ ملاقات میں ڈائریکٹر ایریا اسٹڈی سینٹر ڈاکٹر مکیش کمار کھٹوانی، ڈاکٹر نورین نظر سومرو، شاؤ یین، محمد علی سومرو، محمد برہان خان، زینگ ہونگ جوئان، جن یانگ، وینگ یو جنگ، لی وین ڈینو، لی بن اور یان یوشان بھی موجود تھے۔ اس سے قبل چینی وفد نے ایریا اسٹڈی سینٹر کا بھی دورہ کیا اور سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مکیش کمار کھٹوانی سے تحقیقی منصوبوں پر ملکر کام کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر نائمہ تبسم، غلام مرتضیٰ کھوسو، رونق علی بہن اور ماجد علی نوناری بھی موجود تھے