شیخ الجامعہ سندھ کی زیر صدارت ایڈمیشنز کمیٹی کا اجلاس، بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے حتمی اسکور 25 فیصد مقرر کرنے کی منظوری، پری انٹری ٹیسٹ میں تمام امیدواروں کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی
جامعہ سندھ جامشورو کی ایڈمیشنز کمیٹی کا اجلاس شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقد ہوا، جس میں بیچلر ڈگری پروگرامز کے مختلف شعبوں میں داخلوں کیلئے کٹ آف لائن (حتمی اسکور) 25 فیصد مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں تلاوت کلام پاک کے بعد ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو نے ٹیسٹ و داخلوں سے متعلق ہاﺅس کو تفصیلی بریفنگ دی، جس کے بعد 25 فیصد اسکور کٹ آف لائن یا حتمی اسکور مقرر کرنے کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ پری انٹری ٹیسٹ میں امیدواروں کی کارکردگی بہتر رہی ہے، ویسے بھی انٹری ٹیسٹ میں پاس یا فیل ہونے کا کوئی تصور نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر 30 فیصد مارکس داخلے کیلئے حتمی اسکور رکھا جائے تو اس میں مجموعی طور پر 74 فیصد امیدوار داخلوں کیلئے اہل ہو جائیں گے، جو کہ جامعہ سندھ میں بیچلر ڈگری پروگرامز کیلئے مخصوص 9 ہزار نشستوں سے بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے، اس لیے 25 فیصد مارکس کٹ آف لائن رکھنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس ڈاکٹر رفیق احمد میمن، رجسٹرار ڈاکٹر غلام محمد بھٹو، فوکل پرسن سندھ یونیورسٹی لاڑکانہ کیمپس ڈاکٹر غلام سرور گچل، ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو و دیگر اراکین موجود تھے۔