جامعہ سندھ کی 2017ءبیچ کے 272 طلبہ و طالبات کو احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ کی دوسری قسط کے چیک جاری، شیخ الجامعہ نے چیک تقسیم کیے، فیسوں میں معمولی اضافہ کرنے سے غیر متعلقہ لوگ شور کرتے ہیں، طلباءکیلئے اسکالرشپ کے کئی مواقع پیدا کیے ہیں، ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو

 جامعہ سندھ جامشورو کے 2017ءبیچ کے فارغ التحصیل 272 طلبہ و طالبات کو احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ کی دوسری قسط کے چیک دیئے گئے۔ اس سلسلے میں جامعہ سندھ کے اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفیس کی جانب سے آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں ایک تقریب منعقد کی گئی، جس میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے تمام 272 طلبہ و طالبات کو احساس انڈر گریجویٹ اسکالرشپ کی دوسری قسط کے چیک دیئے۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زریں عباسی، ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈاکٹر نیک محمد شیخ، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس ڈاکٹر مشتاق احمد جاریکو، قمر نانگراج، محمد رافع میمن، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس ویلفیئر ڈاکٹر محمد یونس لغاری، ڈائریکٹر سیکیورٹی کاشف ناریجو، اسٹوڈنٹس ویلفیئر آفیسر اللہ ودھایو سہتو، ڈائریکٹر اسٹیگس ڈاکٹر غزالہ پنہور، زریں میمن و دیگر کئی اساتذہ و طلباءموجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ داخلہ فیسوں میں معمولی اضافہ کرتے ہیں تو باہر بیٹھے ہوئے غیر متعلقہ لوگ شور کرتے ہیں، لیکن اسکالرشپ حاصل کرنے والے محنتی بچے ایسا کوئی شور نہیں مچاتے اور اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے غریب لیکن ذہین طلباءکیلئے اسکالرشپ کی فراہمی قابل تعریف عمل ہے۔ دونوں حکومتوں کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کر چکے ہیں کہ جامعہ سندھ میں غریب اور متوسط طبقے کے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جنہیں اسکالرشپ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ ملنا طلبہ و طالبات کیلئے کامیابی نہیں بلکہ ایک موقع ہے، ان کی کامیاب تب ہوگی جب وہ جامعہ سے اچھے مارکس سے پاس ہوکر قومی جاب مارکیٹ میں ملازمتیں حاصل کریں گے۔ شیخ الجامعہ نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے آپ سے مخلص ہونا چاہیئے، اپنے وطن سے پیار کرنا چاہیئے، بڑوں اور اساتذہ کا احترام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار کمیٹی کی جانب سے احساس انڈر گریجویٹ کیلئے درخواست دہندہ طلبہ و طالبات کے انٹرویوز کرنے کے بعد انہیں میرٹ کی بنیاد پر اسکالرشپ کیلئے منتخب کیا گیا، کسی ایک بھی طالب علم کو فیور نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ احساس اسکالرشپ کے تحت 60 ہزار روپے تک کا چیک ہر طالب علم کو ملتا ہے، جبکہ عشر زکوات کی جانب سے صرف 25 ہزار روپے کا چیک ہر طالب علم کو دیا جاتا ہے۔ 25 ہزار انتہائی کم رقم ہے، یہ رقم حاصل کرنے والے طلباءدوسری اسکالرشپس کے اہل نہیں رہتے، اس لیے بیت المال کے چیئرمین کو رقم بڑھانے کا کہا گیا ہے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس ڈاکٹر مشتاق احمد جاریکو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکالرشپ کے مواقع اور اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔