جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں تعلیمی سال 2023ءکے تحت بیچلر و ماسٹر ڈگری پروگرامز میں داخلے جاری، قومی جاب مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر 10 مزید تعلیمی شعبوں میں داخلوں کی بھی پیشکش

 جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے تمام کیمپسز میں تعلیمی سال 2023ءکیلئے مختلف بیچلر و ماسٹر ڈگری پروگرامز میں داخلے جاری ہیں۔ جامعہ کی جانب سے نئے تعلیمی سیشن 2023ءسے مختلف ملکی اداروں میں ملازمت کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر 10 مزید تعلیمی پروگرامز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ مختلف ڈگری پروگرامز میں داخلے کیلئے فارم جامعہ کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر آن لائن پُر کرایا جا سکتا ہے۔ جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے تعلیمی سال 2023ءسے قومی جاب مارکیٹ کا سروے کرانے کے بعد 10 نئے ڈگری پروگرامز کا اضافہ کیا گیا ہے، جن میں بی ایس ڈیٹا سائنس، بی ایس انگلش لینگویج ٹیچر ایجوکیشن، بی ایس فارینزک اکاﺅنٹنگ اینڈ فراڈ ایگزامنیشن، بی ایس اکنامکس اینڈ فنانس، بی ایس پبلک ہیلتھ، بی ایس پولٹری فارمنگ اینڈ مینجمنٹ، بی ایس ڈزاسٹر مینجمنٹ، بی ایس کوسٹل اینڈ میرین سائنسز اور بی ایڈ (ڈیڑھ سال اور ڈھائی سال صرف جمعہ، ہفتہ اور اتوار) پروگرام شامل ہیں۔ مذکورہ شعبوں سے متعلق جامعہ سندھ کے ترجمان نے بتایا کہ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کے ویژن اور دور اندیشی کے تحت مذکورہ ڈگری پروگرامز جاب مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی مانگ کو مدنظر میں رکھتے ہوئے متعارف کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا سائنس، انگلش لینگویج ٹیچر ایجوکیشن، فارینزک اکاﺅنٹنگ، پبلک ہیلتھ، پولٹری فارمنگ اینڈ مینجمنٹ، ڈزاسٹر مینجمنٹ، اکنامکس اینڈ فنانس، کوسٹل اینڈ میرین سائنسز میں سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں لاتعداد اسامیاں آتی ہیں، اچھی طرح اور قابلیت کے ساتھ گریجویشن مکمل کرنے والے نوجوان ایف آئی اے، پاکستان نیوی، پاکستان آرمی، ایئر فورس، پولیس، رینجرز و قانون نافذ کرنے والے دوسرے اداروں میں بہترین ملازمتیں حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ 10 شعبے جاب اورینٹیڈ ہیں، ان میں اچھے طریقے سے ڈگری مکمل کرنے والوں کو روزگار کیلئے پریشان نہیں ہونا پڑے گا