ناظم سالانہ امتحانات جامعہ سندھ جامشورو کا بی کام و اے ڈی کامرس حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2021ء کے نتائج کا اعلان

ناظم سالانہ امتحانات جامعہ سندھ جامشورو شاہد حسین لاڑک نے ملحقہ کالجز میں بی کام (پاس) حصہ دوم و اے ڈی کامرس حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2021ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں کنٹرولر نے مطلع کیا ہے کہ بی کام (پاس) حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2021ء میں مجموعی طور پر 817 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 18 فرسٹ کلاس، 615 امیدوار سیکنڈ کلاس اور 17 امیدوار تھرڈ کلاس میں پاس ہوئے، اس طرح مجموعی طور پر 650 امیدوار پاس اور 52 ناپاس قرار دیئے گئے۔ اعلامیہ کے مطابق امتحانات میں 33 امیدوار غیر حاضر رہے، تاہم 82 امیدواروں کے نتائج مختلف اسباب کی بناء پر روکے گئے ہیں۔ امتحانات میں کامیابی کا تناسب مجموعی طور پر 79.55 فیصد رہا۔ دوسری جانب اے ڈی (کامرس) حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2021ء میں مجموعی طور پر 2925 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 359 فرسٹ کلاس، 2198 امیدوار سیکنڈ کلاس اور 9 امیدوار تھرڈ کلاس میں پاس ہوئے، اس طرح مجموعی طور پر 2566 امیدوار پاس اور 127 ناپاس قرار دیئے گئے۔ اعلامیہ کے مطابق امتحانات میں 24 امیدوار غیر حاضر رہے، تاہم 208 امیدواروں کے نتائج مختلف اسباب کی بناء پر روکے گئے ہیں۔ امتحانات میں کامیابی کا تناسب مجموعی طور پر 87.72 فیصد رہا۔