ناظم سالانہ امتحانات جامعہ سندھ جامشورو کا بی اے و اے ڈی (آرٹس) حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2021ء کے نتائج کا اعلان
ناظم سالانہ امتحانات جامعہ سندھ جامشورو شاہد حسین لاڑک نے ملحقہ کالجز میں بی اے (پاس) حصہ دوم و اے ڈی (آرٹس) حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2021ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں کنٹرولر نے مطلع کیا ہے کہ بی اے (پاس) حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2021ء میں مجموعی طور پر 2082 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 69 فرسٹ کلاس، 1458 امیدوار سیکنڈ کلاس اور 99 امیدوار تھرڈ کلاس میں پاس ہوئے، اس طرح مجموعی طور پر 1626 امیدوار پاس اور 135 ناپاس قرار دیئے گئے۔ اعلامیہ کے مطابق امتحانات میں 107 امیدوار غیر حاضر رہے، تاہم 208 امیدواروں کے نتائج مختلف اسباب کی بناء پر روکے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 6 امیدواروں کو 2 سے 3 سال تک رسٹیکیٹ بھی کیا گیا ہے۔امتحانات میں کامیابی کا تناسب مجموعی طور پر 78.09 فیصد رہا۔ دوسری جانب اے ڈی (آرٹس) حصہ دوم کے سالانہ امتحانات 2021ء میں مجموعی طور پر 5985 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 753 فرسٹ کلاس، 4265 امیدوار سیکنڈ کلاس اور 68 امیدوار تھرڈ کلاس میں پاس ہوئے، اس طرح مجموعی طور پر 5086 امیدوار پاس اور 469 ناپاس قرار دیئے گئے۔ اعلامیہ کے مطابق امتحانات میں 32 امیدوار غیر حاضر رہے، تاہم 370 امیدواروں کے نتائج مختلف اسباب کی بناء پر روکے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں 38 امیدواروں کو 2 سال تک رسٹیکیٹ بھی کیا گیا ہے۔ امتحانات میں کامیابی کا تناسب مجموعی طور پر 84.97 فیصد رہا۔