جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں تعلیمی سال 2024ءکیلئے بیچلر و ماسٹر ڈگری پروگرامز میں داخلے جاری، آن لائن فارم جامعہ کی ویب سائٹ پر موجود، داخلہ پراسیسنگ فیس کی مد میں 3 ہزار روپے کا چالان جمع کرانا لازمی قرار
جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے کیمپسز میں تعلیمی سال 2024ءکیلئے مختلف بیچلر و ماسٹر ڈگری پروگرامز میں داخلے جاری ہیں۔ داخلے کے خواہشمند امیدوار جامعہ کی ویب سائٹ پر جا کر اپنا اکاﺅنٹ بنانے کے بعد آن لائن فارم پُر کر سکتے ہیں۔ آن لائن فارم پُر کرنے کے دوران کمپیوٹر جنریٹیڈ 3 ہزار روپے کا داخلہ پراسیسنگ فیس کا چالان حبیب بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کرانا ضروری ہے۔ مختلف شعبوں میں داخلے کیلئے آن لائن فارم پُر کرنے کی آخری تاریخ 4 اکتوبِر مقرر کی گئی ہے۔ نیز بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ 15، 22 اور 29 اکتوبر کو تین مرحلوں میں منعقد ہوگا، تاہم ایل ایل ایم پروگرام میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ 19 نومبر کو انسٹیٹیوٹ آف لا ایلسا قاضی کیمپس حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔ بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے پری انٹری ٹیسٹ علامہ آئی آئی قاضی کیمپس (مین کیمپس) جامشورو و دیگر ملحقہ کیمپسز میں لیے جائیں گے۔ جامعہ سندھ اس بار 2 نئے تعلیمی شعبے ایسٹرن میڈیسن اینڈ سرجری اور آرٹیفشل انٹیلیجنس میں بی ایس پروگرام کیلئے بھی داخلوں کی پیشکش کر رہی ہے۔ دوسری جانب قانون کی تعلیم کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر 5 سالہ ایل ایل بی پروگرام کا علامہ آئی قاضی کیمپس (مین کیمپس) بھی آغاز کیا گیا ہے۔