شیخ الجامعہ سندھ کی زیر صدارت اجلاس، 29 اکتوبر کو شفاف ٹیسٹ منعقد کرانے سے متعلق حکمت عملی مرتب کی گئی، اہم فیصلے کیے گئے
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو کی زیر صدارت پری انٹری ٹیسٹ 2024ء کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹیوں کے کنوینرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی سال 2024ء کیلئے بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کیلئے دوسرے مرحلے میں 29 اکتوبر کو منعقد ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے شفاف طریقے سے ٹیسٹ کے انعقاد سے متعلق حکمت عملی مرتب کی گئی اور اہم فیصلے کیے گئے۔ وائیس چانسلر کے آفس میں منعقدہ اجلاس میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو، ڈاکٹر محمد عقیل بھٹو، انجنیئر شبیر احمد عباسی، انجنیئر تنویر گلفام، عبدالمجید پنہور، ڈاکٹر پسند علی کھوسو، ڈاکٹر ذوالفقار زیدی، ڈاکٹر محمد یونس لغاری، ڈاکٹر آفتاب چانڈیو، ڈاکٹر انتظار لاشاری، ڈاکٹر اربیلہ آغا، منور راجڑ، کاشف علی ناریجو، فیصل مغل، میہر علی قاضی، ڈاکٹر ناہید آرائیں، ڈاکٹر علی نواز سیال، ڈاکٹر مخمور بخاری اور یاسر محبوب نے شرکت کی۔ اجلاس میں 22 اکتوبر کو انٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد 29 اکتوبر کو ہونے والے ٹیسٹ کو بھی اسی طرح منعقد کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کے رپورٹرز کی متوازن رپورٹنگ کو سراہتے ہوئے آئندہ ٹیسٹ کے دوران بھی ان سے اسی جذبے کی امید کی گئی۔