جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں تھیسز شو، طلباءو طالبات کے فائنل پروجیکٹس کی نمائش
جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں تھیسز شو 2023ء منعقد ہوا، جس میں آخری سال کے طلبہ و طالبات کے فائنل پروجیکٹس کی نمائش کی گئی۔ نمائش میں پینٹنگس، ٹیکسٹائل ڈیزائنس، ڈاکیومینٹری فلمز سمیت آرٹ اور ڈیزائن کے مختلف رنگارنگ نمونے رکھے گئے تھے۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے تھیسز شو 2023ء کا افتتاح کیا اور مختلف گیلریز میں طلبہ و طالبات کے رکھے گئے آرٹ اور ڈیزائن کے نمونوں کو دیکھا اور ان کی محنتوں کو سراہا۔ اس موقع پر پروجیکٹس تیار کرنے والے طلبہ و طالبات نے وائس چانسلر کو اپنے اپنے پروجیکٹس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ آرٹ اینڈ ڈیزائن جامعہ سندھ کا انتہائی اہم اور منفرد انسٹیٹیوٹ ہے، جہاں آرٹ کے حوالے سے قابل و نامور آرٹسٹ اساتذہ کی زیر نگرانی تعلیم دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ کے طلبہ و طالبات ٹیکسٹائل کی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کو اپنی خدمات پیش کرکے کثیر سرمایہ کما سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ و طالبات کو اگر موقع فراہم کیا جائے تو ان کی پینٹنگز و ٹیکسٹائل ڈیزائن کے نمونے بین الاقوامی سطح پر منوا سکتے ہیں اور ان کے کامیاب کیریئر کی راہیں ہموار ہو سکتی ہیں۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے ٹیکسٹائل ڈیزائن کے طالبات کو حیدرآباد میں واقع نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے ذریعے اپنی ڈیزائننگ کمپنی قائم کرکے پیشہ ورانہ انداز میں سرمایہ کمانے کا مشورہ بھی دیا۔ اس موقع پر سابق چیئرپرسن ڈپارٹمنٹ آف فائن آرٹس مسرت مرزا، سابق ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس محمد یوسف پردیسی، پروفیسر مرحب قاسمی، پروفیسر ڈاکٹر فریدہ یاسمین پنہور، قربان منگی، پروفیسر ڈاکٹر غلام علی برڑو، ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر عاطف حسین منگی، ناظم سالانہ امتحانات شاہد حسین لاڑک، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن سعید احمد منگی، انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ نعمت اللہ خلجی، ڈاکٹر وحیدہ بانو بلوچ، نادر علی جمالی، رابیلہ ابڑو، حسام الدین میرانی و دیگر بھی موجود تھے۔