جامعہ سندھ میں تیسرے روز بھی سیمسٹر امتحانات جاری، مختلف شعبوں میں دونوں شفٹوں کے تحت پرچے لیے گئے، وائس چانسلر کا انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ سائنسز و سینٹر فار پیور اینڈ اپلائیڈ جیولاجی کا دورہ

جامعہ سندھ جامشورو  کے مختلف شعبوں میں کل تیسرے روز بھی پرامن ماحول میں سیمسٹر امتحانات جاری رہے۔ صبح و شام کی شفٹوں میں پرچے لیے گئے۔ وائس چانسلر پروفیسر(میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ سائنسز اور سینٹر فار پیور اینڈ اپلائیڈ جیولاجی کا دورہ کرکے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ سائنسز میں جاری امتحان کے ساتھ ساتھ عمارت کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ پلانٹ سائنسز میں زیر زمین بھی ایک فلور موجود ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زیر زمین فلور کے زیر استعمال ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں دریافت کیا، جس پر سب حیران رہ گئے، کیونکہ کئی لوگوں کو اس فلور کے بارے میں علم نہیں تھا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ پلانٹ سائنسز انسٹیٹیوٹ کے زیر زمین فلور میں ماضی میں مائیکرو بایولاجی کی کلاسز چلتی تھیں۔گزشتہ دو دہائیوں سے یہ فلور  شاید زیر استعمال نہیں رہا۔ جیولاجی سینٹر میں بھی وائس چانسلر نے امتحانی عمل کا جائزہ لیا، جہاں ان کے ہمراہ سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد لاشاری، ڈاکٹر محمد حسن اگھیم، ڈائریکٹر کیمپس سیکورٹی ڈاکٹر غلام ثاقب برڑو و دیگر بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر اپنے اچانک دورے کے دوران ڈائریکٹر سینٹر آف پیور اینڈ اپلائیڈ جیولاجی  ڈاکٹر رفیق احمد لاشاری کی جانب سے امتحان دہندہ طلبہ و طالبات کو ٹھنڈے پانی کے ساتھ شربت فراہم کرنے کا عمل دیکھ کر انتہائی خوش  ہوئے ڈائریکٹر ڈاکٹر رفیق احمد لاشاری نے وائس چانسلر کو بتایا کہ وہ اپنی جیب سے گرم موسم میں پرچہ دینے والے طلباء کو شربت پلا رہے ہیں، کیونکہ طلباء انہیں اپنی اولاد کی طرح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بچوں پر اپنی جیب سے خرچ کیا جائے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور دل بھی مطمئن رہتا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں شاباسی دی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی اولاد کی طرح خدمت کرنے کا صلہ اللہ تعالیٰ انہیں ضرور دے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رفیق احمد لاشاری کے اصرار پر وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو نے بھی آدھ گلاس شربت پیا۔