ایچ ای سی سندھ کے شوکیس 2024ء میں منظور کردہ 7 تحقیقی پراجیکٹس کے خالق طلبہ و طالبات کی شیخ الجامعہ سندھ سے ملاقات، رجسٹرار

 شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو سے یکم جون کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ تیسری سندھ ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی شوکیس 2024ء میں منظور کردہ 7 پراجیکٹس کے خالق طلبہ و طالبات نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وائس چانسلر نے ان کی سراہتے ہوئے نوجوان محققین کو عملی تحقیق کی طرف آنے کا مشورہ دیا۔ ملاقات کے موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پرو وائس چانسلر لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، ڈاکٹر لچھمن داس دھومیجا، ڈاکٹر عقیل احمد بھٹو، ڈاکٹر عبدالوحید مہیسر، ڈاکٹر عارفہ بھٹو اور ڈاکٹر سلمان بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی سندھ کی جانب سے یکم جون پر منعقد کیے گئے شوکیس 2024ء جیسے اہم ایونٹس میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ طالبات کو بھی اپنے پراجیکٹس پیش کرنے چاہئیں تاکہ ان کا فائدہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جون 2024ء کو سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد کیے گئے شوکیس 2024ء میں اپنے تحقیقی پراجیکٹس پیش کرنے والے طلبہ و طالبات کو ایکسپوزر یا شہرت ملی اور انہیں دیگر جامعات کے اساتذہ و طلباء سے میل ملاقات کا موقع بھی  ملا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریسرچ پراجیکٹس دیکھ کر جامعہ سندھ کے طلبہ و طالبات کو مزید حوصلہ افزائی ملی ہوگی اور وہ مستقبل میں اور بھی بہتر کام کریں گے۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر ایچ ای سی سندھ کی جانب سے 7 تحقیقی پراجیکٹس منظور کرنے کے بعد جامعہ کو جاری کردہ سرٹیفکیٹ کی کاپی پانچوں طلباء کو پیش کی، تاہم ایچ ای سی کی جانب سے بھیجا گیا اصلی سرٹیفکیٹ اور جامعہ سندھ کے نام سے منسوب شیلڈ ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹر کے سپرد کی گئی۔