جامعہ سندھ کی ایک انڈر گریجویٹ طالبہ اور ایم فل کی 3 طالبات کو برٹش اسکاٹش اسکالرشپ کے تحت مجموعی طور پر 15 لاکھ 45 ہزار روپے کے چیک جاری

جامعہ سندھ جامشورو   میں ایک انڈر گریجویٹ اور تین ایم فل اسکالرز کو برٹش اسکاٹش اسکالرشپ فار ینگ فیمیل انڈر گریجویٹ / ایم فل اسٹوڈنٹس کے تحت اسکالرشپ کے چیک فراہم کیے گئے۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے ایک تقریب میں میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجی کی انڈر گریجویٹ طالبہ لائبہ کو ایک لاکھ 77 ہزار روپے کا چیک دیا۔ انہوں نے تین ایم فل اسکالرز بایو کیمسٹری کی اقرا کنول، باٹنی کی شہزادی حنا اور مائیکرو بایولاجی کی حریا خان کو 4 لاکھ 56 ہزار روپے کے الگ الگ چیک دیئے۔ مجموعی طور پر چار طالبات کو 15 لاکھ 45 ہزار روپے کے چیک دیئے گئے۔ تقریب میں انٹرویو کمیٹی کے اراکین پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح اور پروفیسر ڈاکٹر نانک رام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے کہا کہ برٹش کونسل کی جانب سے برٹش اسکاٹش اسکالرشپ فار ینگ فیمیل انڈر گریجویٹ/ ایم فل اسٹوڈنٹس کا اعلان کیا گیا، جہاں طالبات نے خود جا کر آن لائن درخواستیں جمع کرائیں، جس کے بعد برٹش کونسل کے حکام نے اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفس جامعہ سندھ سے رابطہ کرکے درخواست دہندہ طالبات کے انٹرویوز لینے کا کہا، جس کے بعد 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے کر مجموعی طور پر 5 طالبات سے انٹرویوز لیے گئے، جن میں سے چار طالبات کو منتخب کرکے ان کے نام برٹش کونسل کو ارسال کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل کی جانب سے رقم بھیجنے کے بعد مستحق طالبات کو رقم چیک کی صورت میں برٹش کونسل کی جانب سے بھیجے گئے سرٹیفکیٹس کے ساتھ دیئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ چار طالبات کیلئے 15 لاکھ 45 ہزار روپے کی اسکالرشپ اچھی رقم ہے۔ کوشش کریں گے کہ اس اسکالرشپ کی سلاٹس میں اضافہ کیا جائے، جس کیلئے برٹش کونسل سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات ہر اسکالرشپ کیلئے درخواستیں جمع کرائیں تاکہ کوئی نہ کوئی اسکالرشپ انہیں مل سکے۔ وی سی آفس میں  منعقدہ تقریب میں پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی لاڑ کیمپس بدین پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، ڈین فیکلٹی آف کامرس اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ آفیس کے عملداران قمر نانگراج و رافع میمن بھی موجود تھے۔