جامعہ سندھ کی جانب سے تعلیمی سال 2025ء کے تحت بیچلرز اور سال سوم (سیمسٹر پنجم) میں داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کے لیے آخری موقع، آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں آخری بار 2 اکتوبر تک توسیع کا اعلان

جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے تعلیمی سال 2025ء کے تحت بیچلر و سال سوم (سیمسٹر پنجم) میں داخلوں کے خواہشمند امیدواروں کو آخری موقع فراہم کرتے ہوئے آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں 2 اکتوبر تک توسیع کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر ایاز کیریو نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں مطلع کیا ہے کہ تعلیمی سال 2025ء کے تحت بیچلر و سال سوم (سیمسٹر پنجم) پروگرامز میں داخلوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن کرنے سے رہ جانے والے امیدواروں کی درخواست پر انہیں آخری موقع فراہم کیا گیا ہے، جس کے بعد اب وہ 2 اکتوبر 2024ء تک آن لائن فارم پُر کرکے 3000 روپے فیس کا چالان حبیب بینک کے کسی بھی برانچ میں جمع کرواکے اپنی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے  امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ جلد سے جلد اپنی رجسٹریشن کرا کے ایڈمیشن پراسیسنگ فیس فوری طور پر جمع کرا لیں اور آخری تاریخ کا انتظار نہ کریں۔ اعلامیہ کے مطابق 2 اکتوبر کی ڈیڈلائن پوری ہونے کے بعد تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔