جامعہ سندھ میں بیورو آف اسٹگس اور برٹش کونسل پاکستان کے اشتراک سے اسکالرشپس اور لائبریری خدمات سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد، مختلف شعبوں کے طلبہ نے شرکت کی
جامعہ سندھ جامشورو کے بیورو آف اسٹگس اور برٹش کونسل پاکستان کے باہمی اشتراک سے اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالرشپس اور لائبریری خدمات سے متعلق ایک معلوماتی و آگاہی سیشن وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقد کیا گیا۔
سیشن کا مقصد طلبہ کو برٹش کونسل کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کے لیے فراہم کیے جانے والے اسکالرشپ کے مواقع، درخواست دینے کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ معلومات سے آگاہ کرنا تھا، تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
سیشن کے دوران طلبہ کو بین الاقوامی اسکالرشپ کے مواقع، موبلٹی پروگرامز اور برٹش کونسل لائبریریز کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف خدمات، سہولیات اور مطالعاتی وسائل تک رسائی کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔
اس موقع پر انٹرنیشنل اسٹوڈنٹ موبلٹی پروگرام کے کنٹری لیڈ عثمان خالد نے اسکالرشپ آگاہی سیشن کی قیادت کرتے ہوئے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے دستیاب اسکالرشپ کے مواقع اور ان سے استفادہ کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں، جبکہ برٹش کونسل کے ایجوکیشن پروگرام مینیجر (نارتھ) ہارون رشید اور نیشنل پروگرام کوآرڈینیٹر رابیہ حاتم نے بھی موضوع کی مناسبت سے اظہار خیال کیا۔
اس موقع پر لائبریری اینڈ انفارمیشن سروسز کے کوآرڈینیٹرز صدام حسین اور عبدالرحمان نے شرکاء کو برٹش کونسل لائبریریز کی خدمات، سہولیات اور مطالعے کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔
سیشن میں بیورو آف اسٹگس کے ڈائریکٹر اور پروگرام کے فوکل پرسن اجوید احمد بھٹی نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے برٹش کونسل پاکستان کے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور سیشن کے مقاصد اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد میں مس نورین فہد کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا، جنہوں نے جامعہ سندھ اور برٹش کونسل کے درمیان تعاون کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر ایڈوائزر اسٹوڈنٹس افیئرز (گرلز) ڈاکٹر سمیرا ڈیرو نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کو بین الاقوامی تعلیمی مواقع اور مطالعاتی وسائل سے آگاہ کرنے کے اس اقدام کو سراہا۔
آخر میں سیشن کے مقررین کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ سیشن میں جامعہ سندھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 110 طلبہ نے شرکت کی، جن میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس، بزنس ایڈمنسٹریشن، لا، سوشیالوجی، کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر، سوشل ورک اور کیمسٹری شامل ہیں۔