جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف بایو کیمسٹری کی جانب سے عالمی یوم ذیابطیس کی مناسبت سے آگہی پروگرام کا انعقاد، سرگرمی کا مقصد شوگر کے بڑھتے ہوئے خطرات کو اجاگر کرنا اور اس کی روکتھام اور کنٹرول سے متعلق نوجوانوں کو آگاہ کرنا تھا

انسٹیٹیوٹ آف بایو کیمسٹری جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے ذیابطیس / شوگر کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک جامع آگہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد شوگر  کے بڑھتے ہوئے خطرات کو اجاگر کرنا اور اس کی روکتھام اور کنٹرول سے متعلق نوجوانوں کو آگاہ کرنا تھا۔ مذکورہ ایونٹ میں کئی سرگرمیاں شامل تھیں، جن میں لیکچر، عملی مشاورت، شوگر ٹیسٹ اور جسمانی ناپ کے ذریعے شوگر کے مریضوں کی تشخیص کرنا شامل تھا۔ کنسلٹنٹ ڈرماٹولوجسٹ و ڈائبٹیس ٹیلی کیئر کی سی ای او اور بانی ڈاکٹر ثانیہ بشیر اور ایشیائی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کی کنسلٹنٹ ڈائبیٹالوجسٹ ڈاکٹر جویریہ سلمان نے تشخیصی نشستیں منعقد کیں۔ جامعہ سندھ کی سابقہ طالبہ حیدرآباد نیوٹریشن سوسائٹی کی سی ای او اور غذائیت کی ماہر خدیجہ سید نے شوگر کے حوالے سے ایک جامع لیکچر دیا، جس میں انہوں نے غذائیت کو متوازن رکھنے کی اہمیت پر عملی مشاورت کرنے کا ایک سیشن بھی منعقد کیا۔ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بایو کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر افشین شاہ اور ڈاکٹر عاطف منگی نے شوگر کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کی روکتھام اور کنٹرول کیلئے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر کے نمائندگی کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آغا اسد نور پٹھان نے کی۔ سیمینار کو خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر افشین شاہ نے مہمانوں اور اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد لاشاری، پروفیسر ڈاکٹر خالد حسین لاشاری، ڈاکٹر شیراز، ڈاکٹر فیض بروہی، ڈاکٹر محمد یونس لغاری، ڈاکٹر یوسف سومرو، ڈاکٹر جمشید وارثی، ڈاکٹر وقاص جمیل، ڈاکٹر نسیم اسلم چنہ، ڈاکٹر ابتسام طاہر، ڈاکٹر مہوش چنہ، ڈاکٹر بینش خانزادہ، ڈاکٹر نجف سومرو، اصغر خاصخیلی و دیگر کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں مختلف شعبوں کے 300 سے زائد طلباء، ان کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔ ایونٹ میں رٹائرڈ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اللہ نواز نے انسٹیٹیوٹ آف بایو کیمسٹری کے آڈیٹوریم کیلئے ایک سے دو لاکھ روپے کی لاگت کا آڈیو سسٹم عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات کی جانب سے مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے اور شوگر کے ٹیسٹ بھی کیے۔