جامعہ سندھ کے ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری میں تحقیق سے متعلق معلومات اور صلاحیتوں کی حاصلات کیلئے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد، ملکی و غیر ملکی ماہرین نے 27 پی ایچ ڈی اسکالرز کو ریسرچ کے گر سکھائے

 ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ سندھ جامشورو  میں تحقیق سے متعلق معلومات، ڈیٹا کلیکشن، ریسرچ ٹولز و دیگر متعلقہ صلاحیتوں کی حاصلات کیلئے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ “تحقیق کو سمجھنے اور پیش کرنے کا ہنر” کے زیر عنوان منعقدہ ورکشاپ صبح 9 سے شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہا۔ ورکشاپ میں نیچرل سائنس کے 27 رجسٹرڈ پی ایچ ڈی اسکالرز کو تحقیق سے متعلق صلاحیتوں میں مہارت دی گئی۔ ورکشاپ کا مقصد شرکاء کے تحقیقی منصوبوں کو بہتر انداز میں مرتب کردہ مقالہ جات میں تبدیل کرنے، معیاری اکیڈمک مضمون لکھنے اور ڈیٹا کو مؤثر انداز میں پیش کرنے سے متعلق قیمتی معلومات فراہم کرنا تھا۔ اس موقع پر مختلف نشستوں میں پی ایچ ڈی اسکالرز کو مؤثر لٹریچر رویو لکھنے، مقداری ڈیٹا کو سمجھنے اور حوالہ جات کے طرز کو لاگو کرنے کے طریقے بھی سکھائے گئے، نیز انہیں جدید مصنوعی ذہانت کے آلات کا استعمال بھی سکھایا گیا۔ نیشنل سینٹر آف ایکسیلنس ان اینالیٹیکل کیمسٹری کی پروفیسر ڈاکٹر نجمہ میمن، یونیورسٹی آف ایسٹ لندن کے ڈاکٹر شہزاد احمد میمن اور شعبہ اکنامکس جامعہ سندھ کے ڈاکٹر نعیم احمد قریشی نے ورکشاپ میں متعلق موضوعات پر معلوماتی سیشنز پیش کیے۔ ورکشاپ کی قیادت ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم اے قاضی انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح نے کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکالرز کی تحقیقاتی و اکیڈمک صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کیلئے یہ عالمی ورکشاپ منعقد کیا گیا ہے۔ سیکریٹری ورکشاپ پروفیسر ڈاکٹر نصرت میمن بھی اس موقع پر موجود رہیں۔