جامعہ سندھ میں پہلے سیمسٹر کے امتحانات جاری، وائس چانسلر کا کیمپس کے مختلف امتحانی مراکز کا دورہ
جامعہ سندھ جامشورو میں پہلے سیمسٹر کے امتحانات پرامن ماحول میں جاری ہیں،جس میں ہزاروں طلباء اپنے متعلقہ شعبوں میں امتحانات دے رہے ہیں۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے امتحانی انتظامات کا جائزہ لینے اور امتحانی عمل کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے امتحانات کے مسلسل تیسرے روز مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے کئی شعبوں اکنامکس، سندھی، اسلامک کلچر، مسلم ہسٹری، سوشیالوجی، پبلک ایڈمنسٹریشن، فلاسافی، انٹرنیشنل رلیشنز، پولیٹیکل سائنس، کرمنالوجی، اردو اور آرٹس فیکلٹی میں واقع دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگویج اینڈ لٹریچر، انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن اور انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ میں جاری امتحانی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ ڈاکٹر کھمباٹی کے مختلف امتحانی بلاکس میں پہنچنے پر متعلقہ شعبوں کے سربراہان و ڈینز نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی نے امتحانات کی شفافیت و ضوابط کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ طلباء مکمل تیاری و جذبے کے ساتھ امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیکلٹی ممبران و انتظامی عملے کی امتحانی مراکز پر سرگرم موجودگی قابل تعریف ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ہم امتحانات کے تقدس کو برقرار رکھتے ہوئے ہر سطح پر تعلیمی میرٹ کو اولیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کلاس رومز کے اندر و باہر اچھی تربیت کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔