
جامعہ سندھ کی جانب سے 3 اہم مقامات پر پھولدار اور پھلدار پودے لگانے اور کھجور کے باغ کو وسیع کرنے کا فیصلہ، خوبصورتی کیلئے صفائی ستھرائی کا عمل مزید بہتر بنانے پر اتفاق، مادر علمی کو سرسبز بنانے اور موسمی اثرات سے بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا ہوگا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی کا اظہار
شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی کی زیر صدارت پلانٹیشن اینڈ بیوٹیفکیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کیمپس کے اندر 3 اہم مقامات پر 2 ہزار پھولدار، خوشبودار اور پھلدار پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا اور کیمپس کی صفائی ستھرائی کا عمل مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وائس چانسلر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کنوینر پلانٹیشن اینڈ بیوٹیفکیشن کمیٹی و ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف پلانٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر رابعہ اسماء میمن، ممبر و ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کامرس اینڈ مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر حاکم علی مہیسر، پراجیکٹ ڈائریکٹر انجنیئر غلام شبیر عباسی، انجنیئر مراد علی شاہ، منور علی راجڑ و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ میاواکی اربن فاریسٹ کو دوسرے مرحلے میں وسیع کیا جائے گا۔ شعبہ فزیالوجی کے سامنے خالی اراضی اور وائس چانسلر روڈ پر فروٹ گارڈن کے قریب 5 ہزار پھلودار، خوشبودار و پھل دینے والے پودے لگائے جائیں گے تاکہ کیمپس کی خوبصورتی کو مزید بڑھایا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ یونیورسٹی میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بھی مزید فعال بنایا جائے گا۔ لائبریری کے سامنے والی سڑک کی بھی صفائی کرا کے وہاں پودے لگائے جائیں گے اور کھجور کے باغ کو مزید وسیع کیا جائے گا اور وہاں بہترین کھجور کی پیداوار دینے والے کھجور کے پودے لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ جامعہ سندھ کوسرسبز بنانے اور ماحولیاتی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں گے اور صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔