سندھ کابینہ نے سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس کیلئے 100 ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کی منظوری دے دی، وائس چانسلر ڈاکٹر کھمباٹی اور پی وی سی ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ کا فیصلہ تاریخی قرار

 سندھ کابینہ نے جامعہ سندھ کے ٹھٹھہ کیمپس  کیلئے 100 ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں متفقہ طور پر دی گئی۔ سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس کیلئے مختص کردہ اراضی مکلی اور ٹھٹھہ کے بیچ میں واقع ہے، جس کی فی ایکڑ قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں کو زمین کی الاٹمنٹ کیلئے پالیسی میں ترمیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تعلیمی مقاصد کیلئے زمین مارکیٹ ریٹ سے آدھی قیمت پر رعایت کے ساتھ دی جائے گی۔ نئی پالیسی کے مطابق سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس کیلئے زمین 12 لاکھ روپے کی رعایتی قیمت پر دی جائے گی۔ دوسری جانب سندھ کابینہ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی  اور پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے تمام اراکین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹھٹھہ جیسے پسماندہ علاقے میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دلانے کیلئے یہ ایک قابل تحسین قدم ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ یہ فیصلہ ٹھٹھہ اور گرد و نواح کے عوام کیلئے تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ سندھ حکومت نے ٹھٹھہ کیمپس کیلئے زمین منظور کرکے ایک دور اندیش قدم اٹھایا ہے، جو یہاں کے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل کرنے کیلئے اہم پیش رفت ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ سندھ یونیورسٹی نئی الاٹ شدہ زمین پر جدید طرز کا کیمپس قائم کرنے کیلئے مکمل طور پر پُرعزم ہے، جو علاقے کے ہزاروں نوجوانوں کیلئے علم و ترقی کا مرکز بنے گا۔ دوسری جانب پی وی سی سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی نے بھی وزیراعلیٰ اور سندھ کابینہ کے فیصلے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہ اب وہ دن دور نہیں جب شاندار کیمپس الاٹ شدہ 100 ایکڑ اراضی پر تیار ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اراضی الاٹ کرنے کے بعد صوبائی حکومت جلد تعمیراتی مقاصد کیلئے فنڈز بھی فراہم کرے گی تاکہ عالمی معیار کی جدید سہولیات سے آراستہ کیمپس کی تعمیرات ممکن بنائی جا سکے۔

Author: Mrs. Shumaila Solangi 08/07/2025
Announcements
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽيءَ ۾ انسٽيٽيوٽ آف لينگويجز پاران پن...
View Details → 08/28/2025
1024 x 768
جامعہ سندھ میں انسٹیٹیوٹ آف لینگویجز کی جانب سے پ...
View Details → 08/28/2025
1024 x 768
SU int’l conference sheds light on teachings of Prophet Muhammad (PBUH)
View Details → 08/28/2025