شیخ الجامعہ سندھ کی جانب سے نیڈ کم میرٹ اسکالرشپ کے تحت 850 طلبہ و طالبات میں 3 کروڑ 48 لاکھ روپے کے چیک تقسیم، ایم پی اے ڈاکٹر سکندر شورو، چیئرمین ضلع زکواة کمیٹی پیر محمد حسن و دیگر کی شرکت

 جامعہ سندھ جامشورو کے شہید بینظیر بھٹو کنونشن سینٹر میں ایک شاندار تقریب کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے 850 مستحق طلبہ و طالبات میں نیڈ کم میرٹ اسکالرشپ کے تحت 3 کروڑ 48 لاکھ 6 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے۔ ہر مستحق لیکن ذہین امیدوار کو 42-42 ہزار روپے کے چیک دیئے گئے۔ تقریب میں رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سکندر علی شورو مہمان خصوصی اور چیئرمین ضلع زکواة کمیٹی جامشورو پیر محمد حسن  بھی اعزازی مہمان کے طور پر موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھمباٹی نے حکومت سندھ کی جانب سے طلباء کی مالی معاونت والے انقلابی اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو اپیل کی کہ طلباء کی بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر گرانٹ میں مزید اضافہ کیا جائے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ہر سال غریب خاندانوں سے یونیورسٹی میں حصول تعلیم کیلئے آنے والے طلبہ و طالبات کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس میں سے کافی طلباء کو مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیم میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ طلباء کیلئے اسکالر شپ کی سلاٹس میں مزید اضافے سے قابل طلباء اپنی تعلیم بروقت مکمل کر سکیں گے اور معاشرے کیلئے مثبت کردار ادا کر سکیں گے۔ ڈاکٹر کھمباٹی نے مزید کہا کہ تعلیم پر سرمایہ کاری ہی معاشرے کی اصلاح اور طویل المدتی ترقی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کو بھی دہرایا کہ جامعہ سندھ ایسے اقدامات کے ذریعے تعلیمی بہتری اور معاشرتی برابری کو آگے بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔ ایم پی اے ڈاکٹر سکندر علی شورو نے اپنے خطاب میں صوبائی حکومت کا عزم دہرایا کہ سندھ کی جامعات کے طلباء کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستحق و قابل طلباء کیلئے مالی معاونت میں اضافے کیلئے کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مالی دباؤ کے باوجود حکومت سندھ تعلیم کیلئے مسلسل فنڈز مختص کرتی رہی ہے۔ ضلع زکواة چیئرمین پیر محمد حسن نے اپنے خطاب میں حکومت سندھ کی جانب سے اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے اور ضرورت مند طلباء کو مالی معاونت فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مستقبل کے رہنما تیار کرنے کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 850 طلباء میں ساڑھے تین کروڑ کے قریب رقم تقسیم کرنا حکومت کی تعلیم میں سرمایہ کاری کیلئے سنجیدگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ زکواة طلباء کی بھلائی اور تعلیمی ترقی کیلئے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ رجسٹرار جامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپس نے کئی طلبہ و طالبات کو فائدہ پہنچایا ہے۔ یہ وہ طلباء ہیں، جو اعلیٰ تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کئی طلباء اپنے خاندان کے پہلے فرد ہیں، جو یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر جاریکو نے مزید کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ حکومت و نجی اداروں کے تعاون سے اسکالرشپ کے مواقع میں اضافے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

Author: Mrs. Shumaila Solangi 09/03/2025
Announcements
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽي جي وائيس چانسيلر پاران نِيڊ-ڪم-ميرٽ...
View Details → 09/03/2025
1024 x 768
شیخ الجامعہ سندھ کی جانب سے نیڈ کم میرٹ اسکالرشپ ک...
View Details → 09/03/2025
1024 x 768
Six-day Sindhology Book Fair Monday, September 8 to September 13, 2025
View Details → 09/03/2025