سندھ یونیورسٹی میں پری انٹری ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ مکمل، مختلف بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے 11 ہزار سے زائد امیدواروں نے قسمت آزمائی، ٹیسٹ جامشورو مین کیمپس کے علاوہ دیگر کیمپسز میں بھی لیا گیا، دونوں مرحلوں میں مجموعی طور پر 15607 طلبہ اور 5011 طالبات سمیت 20618 امیدواروں نے داخلوں کے لیے قسمت آزمائی، بڑی تعداد میں داخلوں کے لیے درخواستیں دینا امیدواروں اور ان کے والدین کا اپنی مادرِ علمی پر کھلا اظہارِ اعتماد ہے، وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کی پریس بریفنگ
جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے تعلیمی سال 2026ء میں بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ ٹیسٹ بیک وقت علامہ آئی آئی قاضی کیمپس جامشورو، سندھ یونیورسٹی لاڑ کیمپس بدین، سندھ یونیورسٹی کیمپس دادو، سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹھہ اور سندھ یونیورسٹی کیمپس نوشہروفیروز میں منعقد ہوا۔ ٹیسٹ صبح 10 بج کر 10 منٹ پر شروع ہوا جو بغیر وقفے کے 90 منٹ تک جاری رہا۔ ٹیسٹ کا آغاز ہونے سے قبل وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری شیخ ایاز آڈیٹوریم پہنچے جہاں اجتماعی دعا کے بعد انہوں نے ٹیسٹ شروع کرنے کی اجازت دی۔ بعد ازاں وہ انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پہنچے اور میڈیا کو ٹیسٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے ذیلی کیمپسز میں مجموعی طور پر 11 ہزار 278 امیدواروں نے دوسرے مرحلے کے انٹری ٹیسٹ میں حصہ لیا، جن میں 8 ہزار 67 میل اور3 ہزار 211 فی میل امیدوار شامل تھیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مین کیمپس جامشورو میں مجموعی طور پر10 ہزار 174 امیدواروں نے ٹیسٹ دیا، جن میں7 ہزار 317 میل اور 2 ہزار 857 فیمیل امیدوار شامل تھیں۔ لاڑ کیمپس بدین میں450 امیدواروں نے داخلے کے لیے قسمت آزمائی، جن میں 299 میل اور 151 فیمیل امیدوار، دادو کیمپس میں 297 میل اور 134 فیمیل سمیت 431 امیدواروں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر مری نے بتایا کہ ٹھٹھہ کیمپس میں87 مرد اور 30 فیمیل سمیت 117 امیدواروں اور نوشہروفیروز کیمپس میں 67 مرد اور 39 خواتین سمیت 106 امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ دیا۔ ڈاکٹر مری نے کہا کہ ٹیسٹ کو منظم، شفاف اور پُرامن بنانے کے لیے جامعہ سندھ کی انتظامیہ نے بھرپور انتظامات کیے۔ ان کے مطابق داخلے کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں دینا طلباء اور ان کے والدین کی جانب سے اپنی مادرِ علمی پر اعتماد کا مظہر ہے۔ مین کیمپس میں چار میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے جہاں امیدواروں کو ہنگامی صورتِ حال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ امتحانی مراکز کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے گئے تاکہ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ رینجرز، پولیس اور یونیورسٹی کے اپنے سیکیورٹی گارڈز کو امتحانی مراکز کے باہر اور مرکزی گذرگاہوں پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات کیا گیا۔ امیدواروں کی سہولت کے لیے مرد و خواتین کے لیے علیحدہ امتحانی مراکز قائم کیے گئے جبکہ ٹیسٹ کے دوران تمام ضروری اسٹیشنری یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کی گئی تاکہ برابری اور شفافیت برقرار رکھی جا سکے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مری نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے کی طرح اس بار بھی امتحانی عمل کو منصفانہ، شفاف اور پُرامن بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر ممکن اقدامات لیے تاکہ تمام امیدواروں کے لیے آرامدہ اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام کنوینرز اور ان کے اراکین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے حُسنِ انتظام اور ٹیم ورک کو سراہا۔ واضح رہے کہ جامعہ سندھ میں تعلیمی سال 2026ء کے بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے منعقدہ پری انٹری ٹیسٹ کے دونوں مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ دونوں مرحلوں میں15607 طلباء اور 5011 طالبات سمیت20618 امیدواروں نے ٹیسٹ دیا، جبکہ مختلف 72 شعبوں میں کل نشستوں کی تعداد 11 ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔