تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سندھ یونیورسٹی کیمپس میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد
جامعہ سندھ جامشورو کی جانب سے کیمپس میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جس کا مقصد پُرامن اور سازگار تعلیمی ماحول برقرار رکھنا ہے۔ طلباء کے معاملات و خدمات کے مشیر ڈاکٹر محمد یونس لغاری کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر کے مطابق طلباء و اساتذہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیمپس کے اندر لاؤڈ اسپیکر نہ لائیں اور نہ ہی انہیں بلند آواز پر چلائیں۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد تعلیمی ماحول کو محفوظ رکھنا اور پڑھائی اور سیکھنے کی سرگرمیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنا ہے۔ سرکیولر کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ ضرورت کے تحت سرکاری پروگراموں کے لیے محدود طور پر ساؤنڈ سسٹم کے استعمال کی اجازت دے سکتی ہے، جو پیشگی منظوری سے مشروط ہوگی۔ ایسی صورت حال میں متعلقہ ادارے، شعبے یا مرکز کا سربراہ آڈیو کے استعمال سے قبل طلباء کے معاملات و خدمات کے مشیر کے دفتر میں باقاعدہ درخواست جمع کرانے کا پابند ہوگا۔