جامعہ سندھ نے پری انٹری ٹیسٹ کے نتائج جاری کر دیے، منیش کمار اور حفضہ آرائیں نے 94 نمبر لے کر پہلی، مختیار علی سولنگی نے 93 نمبر لے کر دوسری جبکہ اسد علی پلی اور عبدالمصور جمالی نے 87 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی، وائس چانسلر کی جانب سے پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کو مبارکباد
جامعہ سندھ نے پری انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے چند گھنٹوں بعد ہی نتائج جاری کرکے اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب احمد چانڈیو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج شام 6 بجے جاری کرکے سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر (SUTC) کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔
جاری کردہ نتائج میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرکے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ نتائج کے مطابق ضلع خیرپور سے تعلق رکھنے والے منیش کمار ولد سریش کمار اور ضلع نوشہرو فیروز سے تعلق رکھنے والی حفضہ آرائیں دختر محمد فضیل آرائیں نے یکساں طور پر 94 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
جبکہ ضلع مٹیاری سے تعلق رکھنے والے مختیار علی ولد علی خان سولنگی نے 93 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں میں ضلع شہید بینظیر آباد سے تعلق رکھنے والے اسد علی ولد نور محمد پلی اور ضلع مٹیاری سے تعلق رکھنے والے عبدالمصور ولد عبدالرحمان جمالی شامل ہیں، جنہوں نے بھی یکساں طور پر 87 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
سندھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے کامیاب مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ ڈائریکٹر ایس یو ٹی سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ آج ہونے والے انٹری ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 7,753 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں 6,147 بوائز اور 1,606 گرلز شامل ہیں. اعلامیے کے مطابق 4 امیدواروں کے نتائج مختلف وجوہات کی بنا پر روک دیے گئے ہیں۔