علم و شعور کا مرکز سندھ یونیورسٹی، 10 ہزار سے زائد امیدواروں نے پری انٹری ٹیسٹ دیا، والدین کی جانب سے بہترین انتظامات کی تعریف جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے مختلف کیمپسز میں دوسرے مرحلے میں ٹوٹل 10807 امیدواروں نے ٹیسٹ میں حصہ لیا، جن میں 7562 میل اور 3245 فیمیل امیدوار شامل تھے

علم و شعور کے مرکز جامعہ سندھ جامشورو اور اس کے 4 کیمپسز ٹھٹہ کیمپس، لاڑ کیمپس بدین، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کیمپس دادو اور سید الہندو شاہ کیمپس نوشہرو فیروز میں نئے تعلیمی سال 2027ء کے تحت بیچلر ڈگری پروگرامز میں داخلوں کے لیے پری انٹری ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ دوسرے مرحلے میں ٹوٹل 10807 میل اور فیمیل امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ مین کیمپس جامشورو سمیت تمام کیمپسز میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے ساتھ امیدواروں اور ان کے ساتھ آنے والے والدین کی سہولت اور رہنمائی کے تمام انتظامات کیے گئے تھے۔ تمام کیمپسز میں بیک وقت ٹیسٹ صبح 10:00 بجے شروع ہوا اور 90 منٹ جاری رہنے کے بعد 11:30 بجے مکمل ہوا۔  انٹری ٹیسٹ کے موقع پر جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن میں پریس بریفنگ کا انتظام کیا گیا تھا، جہاں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغہ امتیاز) نے میڈیا کو انٹری ٹیسٹ کے بارے میں تفصیلات بتائیں اور گفتگو کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی کا اپنا ٹیسٹنگ سینٹر ہے، جس کے ذریعے ہر سال دو مرحلوں میں ہزاروں امیدواروں سے ٹیسٹ لے کر اسی دن نتائج کا اعلان کیا جاتا ہے۔ یہ ٹیسٹنگ سینٹر معیار، شفافیت اور مکمل رازداری کے حوالے سے ایک مثال ہے، جس کی جانب سے اب تک لیے گئے ٹیسٹوں کا کبھی بھی پیپر لیک نہیں ہوا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ سندھ مکمل میرٹ پر داخلے دیتی ہے، جس میں سفارش یا ناانصافی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ دینے والے امیدواروں اور ان کے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ مطمئن ہوکر میرٹ لسٹوں کا انتظار کریں اور داخلے کے حوالے سے کسی بھی غلط افواہ پر توجہ نہ دیں اور کسی کے بھی جھوٹے دلاسے میں نہ آئیں، یونیورسٹی میں داخلہ دلوانا کسی کے بھی اختیار میں نہیں ہے، جو بھی ایسا دعویٰ کرتا ہے وہ سو فیصد جھوٹ بولتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داخلے کا تمام نظام کمپیوٹرائزڈ ہے، جس کا بھی جو میرٹ بنے گا، سسٹم خودکار طور پر اسی کے مطابق میرٹ لسٹ تیار کرے گا، اس کے لیے کسی کو کہنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ وائس چانسلر نے انٹری ٹیسٹ کے دوسرے مرحلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دوسرے مرحلے میں جامعہ سندھ اور اس کے مختلف کیمپسز میں ٹوٹل 10807 میل اور فیمیل امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں 7562 میل اور 3245 فیمیل امیدوار شامل ہیں۔ ان میں مین کیمپس جامشورو میں ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کی مجموعی تعداد 9773 ہے، باقی امیدوار کیمپسز میں ٹیسٹ دے رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ دونوں ٹیسٹوں میں شامل امیدواروں سمیت بی ایس تیسرے سال اور ماسٹرز پروگراموں میں داخلوں کے لیے اپلائی کرنے والے میل اور فیمیل امیدواروں کی مجموعی تعداد 22580 ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22580 امیدواروں کی جانب سے داخلے کے لیے ٹیسٹ کے عمل میں شامل ہونا یونیورسٹی پر ان کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جو بچے پہلے مرحلے میں کسی بھی وجہ سے ٹیسٹ دینے سے رہ گئے تھے، دوسرے مرحلے میں انہیں بھی موقع دیا گیا ہے اور ان کے لیے الگ بلاکس قائم کیے گئے ہیں، جہاں 100 سے زائد میل اور فیمیل امیدوار ٹیسٹ دے رہے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ سندھ ملک کی دوسری قدیم ترین یونیورسٹی ہے، جس کا تعلیمی معیار شاندار ہے اور اس کی ڈگری کی ملک اور بیرون ملک بڑی اہمیت ہے، یونیورسٹی کے تمام شعبے اہم ہیں، امیدواروں کو ان کی دی گئی چوائسز میں سے جس بھی شعبے میں داخلہ ملے، وہ اس موقع کو ضائع نہ کریں اور سخت محنت کے ذریعے اپنی قابلیت منوا کر اپنا مستقبل سنواریں۔ وائس چانسلر نے داخلے کے لیے ٹیسٹ دینے والے امیدواروں کو خوش آمدید کہا اور ان کی کامیابی کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر نے پریس بریفنگ میں شریک الیکٹرانک و  پرنٹ میڈیا کے تمام صحافیوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ یونیورسٹی کا مثبت امیج بڑھانے میں ہمیشہ کی طرح اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیے۔ پریس بریفنگ کے موقع پر رجسٹرار جامعہ سندھ ساجد قیوم میمن، ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو، کنوینر پری انٹری ٹیسٹ کوآرڈینیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ بیگم ملاح، ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی گھوٹو، پرووسٹ بوائز ہاسٹلز ڈاکٹر پنہل خان لاشاری، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر سعید احمد منگی و دیگر بھی موجود تھے۔ پریس بریفنگ کے بعد وائس چانسلر نے مختلف فیکلٹیز کے ڈینز کے ساتھ گرلز اور بوائز کے لیے الگ الگ قائم کیے گئے مختلف بلاکس کا دورہ کیا اور جاری ٹیسٹ کے عمل کا جائزہ لیا اور ٹیسٹ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر ٹیسٹ کے موقع پر امیدواروں کے والدین کے لیے قائم کیے گئے انتظار گاہ کے پنڈال میں پہنچ کر والدین سے بھی ملے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ انتظار گاہ میں بیٹھے والدین نے وائس چانسلر کے خلوص پر ان کا شکریہ ادا کیا، یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا اور ٹیسٹ کے انتظامات کی تعریف کی۔ انٹری ٹیسٹ کے دوسرے مرحلے میں بدین، حیدرآباد، جامشورو، میرپورخاص، سجاول، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر، ٹھٹهہ اور عمرکوٹ اضلاع کے امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔ انٹری ٹیسٹ کے موقع پر جامعہ سندھ کے ٹرانسپورٹ شعبے کی جانب سے حیدرآباد، کوٹری اور جامشورو سمیت قریبی علاقوں سے امیدواروں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی گئی تھی، انٹری ٹیسٹ کے دوران میل اور فیمیل کے داخل ہونے کے الگ الگ راستے مقرر کیے گئے تھے، جہاں 200 سے زائد والنٹیئرز کی ٹیم امیدواروں کی رہنمائی کے لیے موجود تھی۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے منی ہاسپٹل کی جانب سے ڈاکٹر اربیلا آغا کی زیر نگرانی مختلف جگہوں پر طبی کیمپ قائم کیے گئے تھے، جہاں قابل ڈاکٹروں کی ٹیم، ہنگامی طبی امداد کی ضروری ادویات کے ساتھ ایمبولینسیں بھی موجود تھیں۔ دوسری جانب سندھ یونیورسٹی کے مختلف کیمپسز میں ہونے والا انٹری ٹیسٹ وہاں کے پرو وائس چانسلرز کی نگرانی میں ہوا۔ ٹھٹهہ کیمپس میں ہونے والا ٹیسٹ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مصباح بی بی قریشی، دادو کیمپس میں ہونے والا ٹیسٹ پروفیسر ڈاکٹر انیلہ ناز سومرو، لاڑ کیمپس بدین میں ہونے والا ٹیسٹ کیمپس کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر طفیل احمد چانڈیو جبکہ نوشہروفیروز کیمپس میں ہونے والا ٹیسٹ پرو وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی مین کیمپس پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ شیخ الجامعہ سندھ کی جانب سے انٹری ٹیسٹ کے دونوں مرحلوں کی کامیابی پر پرو وائس چانسلرز، ڈینز، کنوینرز کی ٹیم سمیت تمام فیکلٹی ممبران، افسران و ملازمین کو مبارکباد دی گئی ہے۔

 

 

Author: Mrs. Shumaila Solangi 10/11/2026
Announcements
1024 x 768
علم ۽ شعور جو مرڪز سنڌ يونيورسٽي: 10 هزار کان وڌيڪ ا...
View Details → 10/11/2026
1024 x 768
علم و شعور کا مرکز سندھ یونیورسٹی، 10 ہزار سے زائد Ø...
View Details → 10/11/2026
1024 x 768
10,807 Candidates Appear in University of Sindh’s Second-Phase Pre-Entry Test
View Details → 10/11/2026