جامعہ سندھ کے اورک کی جانب سے ایچ ای سی کے نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز کے تحقیقی منصوبوں کی تیاری سے متعلق آگاہی پروگرام منعقد, وائس چانسلر نے صدارت کی

 جامعہ سندھ جامشورو کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (اورک) کی جانب سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ کے سینیٹ ہال میں ’’این آر پی یو کا تحقیقی منصوبہ کیسے جمع کرایا جائے اور اس میں کامیابی کیسے حاصل کی جائے‘‘ کے موضوع پر ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغۂ امتیاز) نے کی۔ پروگرام کا مقصد ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز کے تحت تحقیقی منصوبوں کی تیاری کے حوالے سے جامعہ کے تدریسی شعبوں سے وابستہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرنا، انہیں رہنمائی فراہم کرنا اور تحقیقی منصوبوں کی تجاویز تیار کرنے میں مدد دینا تھا، تاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز (NRPU) اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (SHEC) کے سندھ ریسرچ سپورٹ پروگرام (SRPS) کے تحت تحقیقی گرانٹس حاصل کرنے کے لیے جامعہ کی کامیابی کی شرح میں اضافہ کیا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری نے ایچ ای سی کے تحقیقی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ آگاہی سیمینار کو اہم قرار دیتے ہوئے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحقیقی منصوبے تیار کرکے ایچ ای سی میں جمع کرائیں اور اس کے مختلف پروگراموں سے فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی تحقیقی منصوبے کی کامیابی کے لیے اس کے پروپوزل کا فارمیٹ اور ڈیزائن انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ پروپوزل مختصر اور جامع ہونا چاہیے، جو دیکھنے والے کو متاثر کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ آگاہی پروگرام تحقیقی منصوبوں کے پروپوزل تیار کرنے کے حوالے سے شرکاء کے لیے مفید اور معلوماتی ثابت ہوگا۔

اس سے قبل اورک کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر فرحت نورین  نے اپنے استقبالیہ خطاب میں وائس چانسلر، مقررین اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری کی پروفیسر ڈاکٹر نسیم اسلم چنا نے ایچ ای سی کے تقاضوں کے مطابق درخواست فارم درست اور مکمل طریقے سے پُر کرنے اور جمع کرانے کے طریقۂ کار کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔

انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کے ڈاکٹر وقاص جمیل نے تحقیقی منصوبوں میں خریداری کی منصوبہ بندی اور بجٹ تیار کرنے کے اہم پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

اورک کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عقیل بھٹو نے اپنے تجربے کی بنیاد پر اہم نکات پیش کیے اور تحقیقی تجاویز جمع کراتے وقت اساتذہ کو درپیش عام مسائل اور رکاوٹوں کے حوالے سے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ سیشن کے اختتام پر وائس چانسلر نے مقررین کو یادگاری شیلڈز دیں۔ آخر میں پروفیسر ڈاکٹر فرحت نورین نے وائس چانسلر کی رہنمائی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اورک جامعہ کے محققین کو تحقیقی منصوبوں کی تیاری، درخواستیں جمع کرانے اور دیگر متعلقہ امور میں مسلسل تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کرتا رہے گا۔

- -

Author: Mrs. Shumaila Solangi 10/17/2026
Announcements
1024 x 768
University of Sindh ORIC Holds Awareness Session on HEC Research Grants; VC Dr. Marri Pres...
View Details → 10/17/2026
1024 x 768
سنڌ يونيورسٽي جي اورڪ پاران ايڇ اي سي جي نيشنل ريس...
View Details → 10/17/2026
1024 x 768
جامعہ سندھ کے اورک کی جانب سے ایچ ای سی کے نیشنل ری...
View Details → 10/17/2026