جامعہ سندھ میں ایل ایل ایم (ایوننگ) ڈگری پروگرام 2027ء میں داخلے کے لیے پری انٹری ٹیسٹ منعقد، 379 میل و فیمیل امیدواروں نے حصہ لیا, چند گھنٹوں کے اندر نتائج جاری، پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کا اعلان، وائس چانسلر کی جانب سے پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد
جامعہ سندھ جامشورو میں تعلیمی سال 2027ء کے لیے ایل ایل ایم (ایوننگ) ڈگری پروگرام میں داخلے کے لیے پری انٹری ٹیسٹ منعقد کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 379 امیدواروں نے حصہ لیا۔ جن میں 310 میل اور 69 فیمیل امیدوار شامل تھے۔ مین کیمپس کے انسٹی ٹیوٹ آف میتھمیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنس میں منعقد ہونے والا یہ ٹیسٹ صبح 9:45 بجے شروع ہوا اور 90 منٹ تک جاری رہنے کے بعد 11:15 پر اختتام پذیر ہوا۔ انٹری ٹیسٹ کے دوران سخت سیکیورٹی سمیت امیدواروں کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر جامعہ سندھ کے رجسٹرار ساجد قیوم میمن اور فیکلٹی آف لا کے ڈین ڈاکٹر سید سردار علی شاہ لکیاری نے امتحانی بلاکس کا دورہ کیا اور ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمیشنز ڈاکٹر ایاز کیریو اور سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر (SUTC) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب احمد چانڈیو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دوسری جانب جامعہ سندھ نے ایل ایل ایم (ایوننگ) ڈگری پروگرام میں داخلے کے لیے منعقدہ پری انٹری ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر آفتاب احمد چانڈیو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صبح 11:15 بجے اختتام پذیر ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج چند گھنٹوں کے اندر سہ پہر 3:30 بجے جاری کرکے سندھ یونیورسٹی ٹیسٹنگ سینٹر (SUTC) کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں۔ جاری کردہ نتائج میں ٹیسٹ میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرکے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ نتائج کے مطابق ضلع سکھر سے تعلق رکھنے والے عمران مبین پٹھان اور محمد سلیمان کلوڑ نے 100 میں سے 72 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ ضلع حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی ماریہ احمد ملک اور ضلع شکارپور کے سیف ﷲ کاکیپوٹو نے 70 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح ضلع گھوٹکی کے امام الدین گبول نے 67 نمبر حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد مری (تمغۂ امتیاز) نے ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد اور چند گھنٹوں کے اندر نتائج کے اعلان کے عمل کو سراہتے ہوئے پانچوں پوزیشن ہولڈرز امیدواروں کو مبارک باد دی ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔