جامعہ سندھ کے انسٹیٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری کے زیرِ اہتمام ’’صحت کے شعبے میں کاروباری صلاحیتوں کا فروغ‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد
امعہ سندھ جامشورو کے انسٹیٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری، نیوٹریشن اینڈ فوڈ سائنسز اینڈ ایسٹرن میڈیسن کے زیرِ اہتمام "صحت کے شعبے میں کاروباری صلاحیتوں کا فروغ" کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کیا گیا، جس کا مقصد بائیو کیمسٹری، نیوٹریشن اور ایسٹرن میڈیسن کے طلبہ میں کاروباری سوچ، جدت طرازی اور کاروبار کے نئے مواقع کو فروغ دینا تھا۔
ورکشاپ میں امریکہ کے معروف Clay Handy Restaurant کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسعود قاضی نے خصوصی مقرر کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ معروف کاروباری شخصیت نازیہ ذوالفقار تقریب کی اعزازی مہمان تھیں۔
ورکشاپ کے دوران دونوں مقررین نے اپنے کاروباری تجربات، عملی معلومات اور کامیابی کی داستانیں شرکاء کے ساتھ شیئر کیں۔ انہوں نے کاروبار کی ترقی، مارکیٹنگ کی حکمت عملیوں، بین الاقوامی مارکیٹنگ، اپنی مدد آپ کے تحت کاروبار قائم کرنے اور ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات کی تجارتی صلاحیت سمیت کاروبار کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری، نیوٹریشن، فوڈ سائنسز اینڈ ایسٹرن میڈیسن کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر افشین شاہ نے معزز مقررین، اساتذہ، طلبہ اور تمام شرکاء کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اور امید ظاہر کی کہ تعاون کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا، تاکہ بائیو کیمسٹری، نیوٹریشن اور ایسٹرن میڈیسن کے طلبہ میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور عملی کاروباری اقدامات کے لیے مزید مواقع تلاش کیے جاسکیں۔
اس موقع پر مسعود قاضی نے بالخصوص مصنوعی ذہانت کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک جدید اور مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے اس کی صلاحیتوں اور امکانات پر روشنی ڈالی۔پروگرام کے آغاز میں ڈاکٹر عاطف حسین منگی نے ورکشاپ کے عنوان اور موضوع کا تعارف پیش کرتے ہوئے صحت، غذائیت اور متعلقہ شعبوں میں کاروباری سرگرمیوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سیشن کی نظامت کے فرائض بھی انجام دیے۔ اس موقع پر امر علی جویو نے بھی موضوع کی مناسبت سے خطاب کیا اور مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا. ورکشاپ میں اساتذہ، طلبہ اور دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔